اسلام پورہ اور شاہدرہ میں 2 موٹرسائیکل سوار گلے پر ڈور پھرنے سے شدید زخمی
لاہور+ فیروز والا (نامہ نگاران) لاہور کے علاقے اسلام پورہ اور شاہدرہ میں گلے پر ڈور پھرنے سے 2 موٹرسائیکل سوار شدید زخمی ہو گئے۔ اسلام پورہ کے علاقے میں عظیم نامی شخص موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ اچانک اس کے گلے پر کٹی پتنگ کی ڈور پھر گئی۔ زخمی عظیم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے چند روز قبل اسلام پورہ کے علاقے میں 6سالہ حریم فاطمہ اپنے باپ کے ساتھ موٹرسائیکل پر جاتے ہوئے گلے پر ڈور پھرنے کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئی تھی۔ شاہدرہ کے علاقہ میں موٹرسائیکل سوار نوجوان راحیل منہ اور گلے پہ کٹی پتنگ کی ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ نوجوان کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔