• news
  • image

گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ ترقی کا پیش خیمہ

چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ گوادر میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبہ ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایئرپورٹ کی تعمیر جاری ہے اور وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں منصوبوں کی تکمیل کیلئے پُرعزم ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ گوادر کے تمام منصوبے خطے میں معاشی انقلاب کی بنیاد ہیں اور ان شاء اللہ ایئرپورٹ کی تعمیر کے بعد ترقی و خوشحالی کے مزید دروازے کھل جائیں گے۔ اس حوالے سے سی پیک اتھارٹی سمیت تمام حکومتی اداروں کا کردار قابل تحسین ہے جبکہ چین کی شراکت داری بھی دونوں ملکوں کے مضبوط اور برادرانہ تعلقات کی شاندار عکاسی ہے۔ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور بندرگاہ سمیت گوادر کے تمام منصوبے اپنی غیرمعمولی اہمیت کی وجہ سے جہاں وطن عزیز میں اچھے دنوں کی امید اپنے دامن میں چھپائے ہوئے ہیں‘ وہیں یہ منصوبے دشمن کی نظروں میں بھی کھٹکتے ہیں۔ بھارت کو کھل کر سی پیک کی مخالفت کرتا آیا ہے۔ اس نے سازشیں بھی کیں اور اپنے گماشتے بھی سرگرم کئے۔جس کو حکومت اور پاک فوج نے نکیل ضرور ڈالی مگر وہ بدستور پورٹ اور سی پیک کے درپے ہے۔ اس لئے چھپے اور ظاہر ہر دو طرح کے دشمنوں کی سازشوں اور کارستانیوں پر بھی کڑی نظر رکھنا ہوگی۔ اللہ تعالیٰ نظربد سے حفاظت فرمائے۔ (آمین)

epaper

ای پیپر-دی نیشن