• news

وزیر اطلاعات کو میڈیا مالکان سے معاملات حل کرنے کی ہدایت کریں‘ شجاعت کا عمران کو خط

لاہور(خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے صدر وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے بطور اتحادی اور خیر اندیش وزیراعظم عمران خان کے نام خط میں کہا ہے کہ وزیر اطلاعات کو میڈیا مالکان کے ساتھ مل بیٹھ کر معاملات حل کرنے کی ہدایت کریں کیونکہ میڈیا کے ساتھ دوری سے صرف ان کا نقصان ہو رہا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے خط میں کہا کہ اتحادی جماعت کے سربراہ کی حیثیت سے میں آپ کو خط لکھ رہا ہوں، امید ہے کہ آپ اس کو تنقید کے پیرائے میں نہیں لیں گے، بلکہ حکومت کے سامنے جو بھی اصلاح کی بات کی جاتی ہے اسے تنقید میں نہیں لیا جاتا، حکومت اور میڈیا کے درمیان قربت کی بجائے ایسے فاصلے پیدا کرائے جاتے ہیں جس میں دوریاں پیدا کروانے والوں کا کوئی نقصان نہیں ہوتا بلکہ نقصان صرف اور صرف آپ کا ہو رہا ہے۔ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور ریاست کے استحکام کیلئے اس ستون کا مستحکم ہونا بھی ضروری ہے۔ میڈیا سے محاذ آرائی کسی بھی صورت میں مناسب نہیں، میں جب وزیراعظم تھا تو اس وقت کے وزیر اطلاعات شیخ رشید احمد میرے پاس ایک سمری لے کر آئے تھے جس میں لکھا تھا کہ ٹی وی لائسنس کیلئے جو بھی 50 لاکھ روپے فیس جمع کروا دے اس کو بلارکاوٹ ٹی وی چینل کا لائسنس دے دیا جائے۔ میں نے اس وقت بطور وزیراعظم کہا تھا کہ 50 لاکھ فیس کی ضرورت نہیں۔ ایک ایسا MoU تیار کیا جائے جس میں حکومت کے خلاف کسی بھی قسم کی خبر کو تحمل سے برداشت کیا جائے لیکن ملکی مفاد کے خلاف کسی بھی خبر پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے بلکہ اس ٹی وی چینل کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن