دنیا امن دشمنوں کو افغان مفاہمتی عمل خراب کرنے کی اجازت نہ دے: پاکستان
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان امن عمل کے حوالے سے ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس کا موضوع امن کیلئے ہم آہنگی کا فروغ تھا۔ صدر اشرف غنی اور ڈاکٹر عبداﷲ عبداﷲ نے ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔ کئی دیگر ممالک اور عالمی تنظیموں نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔ پاکستان نے پرامن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پاکستان نے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن کیلئے افغانستان میں امن ناگزیر ہے۔ امریکہ طالبان امن معاہدے سے تاریخی مواقع پیدا ہوئے۔ افغان قیادت سیاسی مفاہمت کے حصول کیلئے مل کر کام کرے۔ امید ہے امن معاہدے کے تحت قیدیوں کی رہائی کا عمل جلد مکمل ہو گا۔ معاہدے پر عملدرآمد سے انٹرا افغان مذاکرات کی راہ ہموار ہو گی۔ دنیا امن دشمنوں کو مفاہمتی عمل خراب کرنے کی اجازت نہ دے۔ افغان پناہ گزینوں کی واپسی بھی مفاہمتی عمل کا حصہ ہونا چاہئے۔ دنیا افغان پناہ گزینوں کی مقررہ مدت میں واپسی کی حمایت کرے۔