• news

وزیراعظم نے ہائوسنگ، تعمیرات اور ترقی بارے قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دیدی

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے ہائوسنگ، تعمیرات اور ترقی سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دیدی۔ کمیٹی کا مقصد تعمیرات و ترقی سے متعلق سرگرمیوں کا فروغ بالخصوص نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت معاشرے کے کم آمدنی والے افراد کیلئے سستے گھر تعمیرکرنا ہے۔ چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ وزیراعظم میڈیا ونگ کے مطابق کمیٹی کے سربراہ ہفتہ میں دو بار وزیراعظم کو اجلاس کی کارروائی کی پیشرفت سے آگاہ کریں گے جبکہ کمیٹی میں سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس یا ان کا نمائندہ، سیکرٹری پلاننگ ڈویلپمنٹ اینڈ سپیشل انیشیٹو، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری پاور، سیکرٹری پٹرولیم، سیکرٹری قانون و انصاف، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک پاکستان، چیف سیکرٹریز پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر آئی سی ٹی اور ڈپٹی چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی بھی شامل ہیں۔ کمیٹی کے اجلاس ہفتہ میں دو بار (منگل اور جمعہ) کو منعقد ہوں گے تاہم کمیٹی کے سربراہ ضرورت کے مطابق اجلاسوں کی تعداد بڑھا سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن