• news

فضل الرحمن کو فون، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال، پی پی رہنما پی ٹی آئی کی معاشی ناکامیاں بے نقاب کریں: بلاول

لاہور‘ اسلام آباد (نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی) بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمن کو فون کرکے ان سے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ کم کر رہی۔ وائرس کے متعلق اعدادوشمار چھپا کر دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وفاقی حکومت ٹڈی دَل کے معاملے کو بھی فراموش کر چکی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے مولانا فضل الرحمن سے بجٹ پر بھی گفتگو کی۔ مولانا فضل الرحمن نے چیئرمین پی پی پی کو دعوت دی کہ ان کی صوبائی تنظیم سندھ میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرے۔ جمعیت علمائے اسلام کے تحت سندھ میں 9جولائی کو اے پی سی ہوگی۔ فضل الرحمن نے بلاول کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں بلاول ہائوس لاہور میں زیر صدارت پیپلز پارٹی کی میڈیا حکمت عملی کے حوالے سے ویڈیو لنک پارٹی اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں بلاول بھٹو نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی کہ عوام تک درست حقائق پہنچانے کے لئے ضروری ہے کہ پیپلزپارٹی کا موقف شائستگی سے سامنے لایا جائے۔ پیپلزپارٹی پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات کا منہ توڑ جواب دیا جائے کیونکہ پی پی پی قیادت اور رہنمائوں پر کبھی کرپشن کا کیس ثابت نہیں ہوا ہے اور تمام الزامات سے باعزت بری ہوئے ہیں جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں کی قیادت اور رہنمائوں پر کرپشن ثابت ہوئی ہے۔ پارٹی رہنما میڈیا میں پی ٹی آئی حکومت کی معاشی ناکامیوں کو بے نقاب کریں۔

ای پیپر-دی نیشن