• news

منی لانڈرنگ‘ شہباز شریف نے پیشی سے استثنیٰ کیلئے متفرق درخواست دائر کر دی

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ میں شہباز شریف نے منی لانڈنگ کیس کی عبوری ضمانت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے سے استثنیٰ دینے کیلئے متفرق درخواست دائر کر دی ہے۔ جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ آج شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ سائنسز کے سربراہ کو شہباز شریف کا کرونا ٹیسٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔ بد قسمتی سے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ سائنسز کے کسی فرد نے شہباز شریف سے رابطہ نہیں کیا۔ عدالتی حکم کے مطابق اور اپنی نیک نیتی ظاہر کرتے ہوئے شہباز شریف نے 2 جولائی کو پرائیویٹ لیبارٹری سے اپنا ٹیسٹ کروایا۔ اللہ کے کرم سے شہباز شریف کے کرونا ٹیسٹ کو رپورٹ منفی آئی ہے۔ شہباز شریف کی کرونا اینٹی باڈیز کی تعداد انتہائی کم ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ کی رپورٹ بھی غیر متحرک آئی ہے۔ بزرگی کی عمر کو پہنچنے کے باعث شہباز شریف کرونا حملے کی وجہ سے تھکان محسوس کر رہے ہیں۔ اتفاق ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم کے زیر نگرانی ان کے گھر میں آئسولیٹ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے شہباز شریف کا کرونا وائرس کا دوسرا ٹیسٹ بھی کروانے کا مشورہ دیا ہے۔ موجودہ طبی صورتحال کے باعث ان کا عوام میں جانا صحت کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے۔ شہباز شریف کی ذاتی حیثیت میں پیشی کو ایک روز کیلئے معاف کیا جائے اور عبوری ضمانت میں مزہد 3 ہفتوں کی توسیع کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن