کراچی: مون سون کی پہلی بارش، حادثات، 5 افراد ہلاک، بجلی بند، اربن فلڈ کا خدشہ
کراچی (سٹاف رپورٹر) کراچی سمیت سندھ بھر میں مون سون کی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے اور کراچی میں مختلف حادثات میں 5 افراد ہلاک ہو گئے۔ کئی علاقوں میں آندھی بھی آئی۔ سندھ کے دیگر علاقوں میں گزشتہ 2 روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری تھا۔ سہ پہر سے کراچی میں بھی بارش کا آغاز ہوگیا۔ کراچی میں لانڈھی، کورنگی، ملیر، گلشن اقبال، گارڈن، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا، شاہراہ فیصل، لیاری، گلستان جوہر سمیت کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کے چند علاقوں میں آندھی کے ساتھ ساتھ بوندا باندی بھی ہوئی جبکہ آندھی چلنے کے نتیجے میں مختلف مقامات پر بڑے بڑے بل بورڈ، کھمبے اور درخت زمین بوس ہو گئے جبکہ کچھ جگہ بجلی کے تار بھی گر گئے۔ اربن فلڈ کا خطرہ ہے کیونکہ شہر کراچی کے ندی نالے کوڑے سے اٹے پڑے ہیں۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق 8جولائی کی صبح تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں گھر میں کرنٹ لگنے سے بچہ جاں بحق ہو گیا۔ لیاقت آباد میں گھر میں کرنٹ لگنے سے خاتون دم توڑ گئی جبکہ ابراہیم حیدری میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے دو افراد جاں بحق ایک زخمی ہوا۔ ملیر شمسی سوسائٹی میں دیوار گرنے سے تین سال کی بچی جاں بحق ہو گئی۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کے الیکٹرک نے سسٹم کی بہتری کے لئے قابل ذکر اقدامات کئے ہیں۔ ارتھنگ‘ گراؤنڈنگ‘ ایچ ٹی او ایل ٹی پولز کی جیو ٹیگنگ کی گئی ہے۔ امید ہے شہری حکومت و متعلقہ ادارے برساتی پانی کی فوری نکاسی کریں گے۔ کے الیکٹرک کی موبائل ٹیمیں بجلی سے متعلق بروقت امداد‘ اقدامات کیلئے مصروف ہیں۔ بارش سے قبل یا دوران صارفین شکایت کیلئے 118 کال سینٹر یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رابطہ کریں۔