• news

بی آر ٹی تحقیقات منطقی انجام تک پہنچائینگے، نیب: نواز، شہباز، زرداری سمیت سیاستدانوں کیخلاف کیسز کا جائزہ

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب کا اجلاس نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی چئیرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکانٹبلیٹی، ڈی جی آپریشن نیب اور نیب کے تمام ڈائریکٹر جنرلز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں نیب کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ چئیرمین نیب نے کہا کہ نیب احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر سختی پر عمل پیرا ہے۔ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ نیب کی وابستگی صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے ۔ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ اور بد عنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقوم کے علاوہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب افسران ملک سے بد عنوانی کے خاتمہ کیلئے اپنے فرائض قومی فریضہ سمجھ کر سر انجام دے رہے ہیں۔ اجلاس میں نواز شریف، آصف علی زرداری ،شاہد خاقان عباسی، شوکت عزیز،راجہ پرویز اشرف،سید یوسف رضا گیلانی، شہباز شریف، اسلم خان رئیسانی، ثناء اللہ زہری، مراد علی شاہ، قائم علی شاہ، اسحق ڈار، خواجہ سعد رفیق ،ڈاکٹر عاصم حسین، احسن اقبال، طارق فضل چوہدری، مفتاح اسماعیل، غلام سرورخان، عامر کیانی، نورالحق قادری، بابر خان غوری، منظور وسان، آغا سراج درانی، سہیل انور سیال، عادل صدیقی، روف صدیقی، شرجیل انعام میمن ، خورشید شاہ ، وسیم اختر، سردار عاشق خان گوپانگ، برجیس طاہر، اعجاز جاکھرانی، رانا ثناء اللہ، سبطین خان ،علیم خان، صاحبزادہ محمود زیب ،شیر اعظم خان، انجینئر امیر مقام ، کیپٹن صفدر، سردار مہتا ب عباسی، عثمان سیف اللہ، انور سیف اللہ ،اسفند یار کاکڑ، عاصم کرد، سعادت انور، رحمت بلوچ، طماش خان ، حمزہ شہباز، سلیمان شہباز، حسن نواز، حسین نواز، احد چیمہ ، فواد حسن فواد، امجد علی خان، صدیق میمن، منظور کاکا، شاہد الا سلام، عمران الحق شیخ، عبد الغنی مجید، انور مجید، اعجاز ہارون ،زاہد میر، آصف اختر ہاشمی، طاہر بشارت چیمہ، طارق حمید، ڈاکٹر احسان علی ، غلام مصطفی پھل،فرخند اقبال، امتیاز عنایت الہی،کامران لاشاری ،اختر نواز گنجیرا، کامران شفیع ، خالد مرزا، اس کے علاوہ بینک اسلامی، بینک آف خیبر، مالم جبہ ،بلین ٹری سونامی اور دیگر کے خلاف اب تک کی گئی تحقیقات کا جائزہ لیا گیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ بی آر ٹی کیس معزز سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیر سماعت ہے۔ معزز سپریم کورٹ آف پاکستان کے مذکورہ کیس کے فیصلہ کی روشنی میں نیب تحقیقات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہا کہ اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے قانون کے مطابق تمام ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ جبکہ نیب میں جاری شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریوںاور انوسٹی گیشنز کو قانون کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جو ملزمان نیب مقدمات میں ضمانت پر ہیں ان کی ضمانت کے فیصلوں کی مصدقہ نقول کے حصول کے بعد معزز عدالتوں میں اپیلز دائر کی جائیں گی تاکہ زیر سماعت مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچا یا جائے اور قوم کی مبینہ طور پر لوٹی گئی رقوم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائی جائیںجو کہ چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں نیب کا پختہ عزم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن