آزاد پتن ہائیڈرل پاور سے سستی بجلی‘ 3ہزار نوکریاں پیدا ہوںگی: عاصم باجوہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور چیئرمین سی پیک لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ کرونا کی موجودہ صورتحال کے باوجود چین پاکستان اقتصادی راہداری میگا پراجیکٹ پر بھرپورکام جاری ہے۔ مستقبل قریب میں سی پیک کے تحت مزید منصوبوں پر دستخط ہوں گے۔ پیر کو آزاد پتن ہائیڈل پاور پراجیکٹ پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ سے نہ صرف 701میگا واٹ کلین اور کم لاگت بجلی حاصل ہوگی بلکہ اس سے 1.5 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی ترغیب ملے گی۔ علاوہ ازیں ملک میں تین ہزار سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 10دنوں میں 4 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری اور 1800میگا واٹ سستی بجلی کے معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہائیڈل منصوبوں سے 8 ہزار سے زائد افراد کو روزگار ملے گا۔