• news

ون مین شو کا منفی کلچر ختم کیا، سابق دور کے بگاڑ کو درست کر رہے ہیں: عثمان بزدار

لاہور(نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے مختلف اضلاع کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی ۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے افسروں کی تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے افسروں کی تعیناتی آپ کا تاریخی اقدام ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ وسائل کی کمی ترقی کیلئے ہمارے عزم کی راہ میں حائل نہیں ہوسکتی۔ ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل میں ارکان اسمبلی کی مشاورت یقینی بنائی جائے گی۔ صوبے میں ون مین شو کے منفی کلچر کا خاتمہ کیا ہے ۔ اب سب کام مشاورت سے ہوتے ہیں ۔ترقی کی روشنی ایک جگہ محدودنہیں ہوگی۔عثمان بزدار نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیوں کی شدید مذمت کی ہے ۔علاوہ ازیں عثمان بزدار سے وفاقی وزیر صنعت و پیداوارمحمد حماد اظہر نے ملاقات کی۔جس میںفلاح عامہ کے منصوبوں،حلقے کے مسائل اورصنعتی عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے ساتھ لاہورکی ڈویلپمنٹ پر بھی پورا فوکس ہے ۔لاہور کے سیوریج کے نظام کو بہتر بنائیںگے۔صوبائی دارالحکومت میں عوام کو مزید سہولتیں فراہم کی جائیںگی۔عثمان بزدارکی زیر صدارت اجلاس میں بورڈ آ ف ریونیو میں اصلاحات کیلئے مجوزہ اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ریونیو کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے بنیادی اصلاحات کی جائیںگی۔ریونیو کا ایسا نظام وضع کیاجائے گا جس سے عوام کو سہولت ملے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بورڈ آ ف ریونیو میں اصلاحات کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کمیٹی کے سربراہ ہوںگے۔ ماضی کے حکمرانوں نے پٹوار کلچر کے خا تمے کے خالی نعرے لگائے اورسابق دور میں پٹوار کلچر کے خا تمے کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا ۔ہماری حکومت سابق دور کے بگاڑ کو درست کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن