• news

منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 16 جولائی تک توسیع

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی کو خط میں کہا ہے کہ عوام کی آواز سنیں، اسے بند نہ کریں، میڈیا سے ہونے والی زیادتیوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے ، جومیڈیا نمائندوں، صحافتی تنظیموں کی شکایات سن کر اصلاح احوال کے لئے تجاویز دے، جن پر پارلیمان کے ذریعے حکومت سے عمل درآمد کرایا جائے، امید ہے کہ آپ پارٹی وابستگی یا وزیراعظم کے دباو کے بجائے آئین، جمہوریت اور ریاست کے چوتھے ستون کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا جس میں انہوں نے کہا امید واثق ہے کہ مزاج بخیر ہوں گے۔ میں آپ کی توجہ قانون، دستور اور جمہوریت کی صریحا خلاف ورزی سے متعلق ہنگامی اور فوری نوعیت کے سنگین معاملے کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں۔ یہ معاملہ میڈیا پر عائد کی جانے والی غیرمعمولی قدغنوں اور میڈیا ورکرز کے روزگار سے وابستہ ہے۔
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے شہباز شریف کی طرف سے آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں دائر ضمانت درخواست پرشہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 16 جولائی تک توسیع کر دی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ شہباز شریف کی کرونا رپورٹ تو نیگیٹو آ گئی ہے پھر وہ کیوں نہیں آئے، شہباز شریف کے وکیل نے بتایا کہ طبی ماہرین کے مطابق کرونا کی دو رپورٹس نیگیٹو آئیں تو مریض کو صحت یاب سمجھا جاتا ہے، شہباز شریف کی طبیعت مکمل ٹھیک نہیں ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ نیب نے تو آپشن دیا ہے۔ مستقل حاضری معافی منظور کر کے کیس چلا لیتے ہیں۔ عدالت نے شہباز شریف کی جانب سے دائر حاضری سے استثنی کی درخواست منطور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 16 جولائی تک توسیع کر دی۔ شہباز شریف نے آمدن سے زائد اثاثے انکوائری میں گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی تھی۔ گزشتہ سماعت پر بھی کرونا مثبت آنے کی وجہ سے شہباز شریف عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن