• news

فلور ملز کو سرکاری گندم کی فروخت شروع‘کل سے20 کلو تھیلا 860 میں ملے گا

لاہور(کامرس رپورٹر) محکمہ خوراک پنجاب نے سرکاری گندم کے اجرا پالیسی کی منظوری کے بعد فلور ملوں کو سرکاری گندم کی فروخت شروع کر دی۔ صوبائی کابینہ نے پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کے احتجاج کے بعد گندم کے سرکاری ایشو کے حوالے سے سمری دوبارہ تیار کی جس میں پنجاب کی تمام ملوں کو برابری کی بنیاد گندم کا کوٹہ دینے کی تجویز دی گئی تھی جسے گزشتہ روز پنجاب حکومت نے منظور کر لیا ہے۔ منظوری کے فوری بعد محکمہ خوراک پنجاب کے افسران نے ملز مالکان کو درخواست کی کہ پیسے جمع کروائیں اور گندم لیں۔ پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق کل بروز جمعرات سے اوپن مارکیٹ میں 20 کلوگرام کا تھیلہ 860 روپے میں دستیاب ہو گا۔ سیکرٹری خوراک پنجاب اسد گیلانی کی طرف سے پنجاب کے تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز کو سمری کی منظوری سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور یہ ہدایت کی ہے ملوں کے مالکان کو بلائیں اور ان سے کہیں کہ گندم کا سرکاری ایشوحاصل کریں تاکہ پنجاب کے عوام کو مہنگے آٹے سے نجات دلوائی جا سکے اور وہ مارکیٹ سے 20 کلوگرام کا تھیلہ 860 روپے میں حاصل کر سکیں جو مارکیٹ میں 1100 روپے کا فروخت کیا جا رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت سیکریٹری خوراک پنجاب کی فوری تبدیلی سے گندم اور آٹے کی قیمتوں میںاستحکام لانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن