مقبوضہ کشمیر: ایک اور نوجوان شہید، بھارتی فوجی جہنم واصل، آج برہان وانی کے یوم شہادت پر ہڑتال ہو گی
سرینگر(این این آئی+ آن لائن + اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع پلوامہ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے نوجوان کو ضلع کے گائوں گوسومیں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی ۔ادھر ضلع پلوامہ کے اسی علاقے میں ایک فوجی کارروائی کے دوران ایک بھارتی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے۔ مقبوضہ کشمیر میں معروف نوجوان کشمیری رہنماء برہان مظفر وانی کو ان کے چوتھے یوم شہادت کے موقع پرزبردست خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج مکمل ہڑتال کی کال دی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی اپیل بزرگ حریت رہنماء سیدعلی گیلانی اور کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی ہے ۔ سیدعلی گیلانی نے سرینگر سے جاری بیان میں برہان وانی اور 13جولائی 1931کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ برہان وانی کو بھارتی فوجیوںنے ان کے دو ساتھیوں سرتاج احمد اور پرویز احمد کے ہمراہ 8 جولائی 2016 کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں ماورائے عدالت قتل کردیاتھا۔سیدعلی گیلانی نے لوگوںسے کہاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میںآٹھ جولائی کا دن شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ مل کر منائیں۔ انہوںنے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بدھ اور13جولائی کو مکمل ہڑتال کریں اور پورے مقبوضہ کشمیر میںمزار شہداء میں دعائیہ تقاریب منعقد کر کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کریں۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں برہان وانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آج پورے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی بھی اپیل کی ہے تاکہ عالمی برداری خاص طورپر اقوام متحدہ کویہ پیغام دیاجاسکے کہ جموںوکشمیر کے عوام اپنے مادر وطن پر بھارت کے جبری تسلط کو مکمل طورپر مسترد کرتے ہیں ۔حریت کانفرنس نے واضح کیاہے کہ آٹھ جولائی کو کشمیریوںکو اس عزم کی تجدید کے ساتھ یوم استقلال کے طورپر منایا جائے گا کہ وہ ہر قیمت پر اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے ۔کشمیری نوجوانوں کی ایک تنظیم وارثین ِ شہدا نے پوسٹروں کے ذریعے آج (بدھ کو) برہان وانی کے آبائی قصبے ترال کی طرف مارچ کی اپیل کی ہے۔