ایل او سی پر بدستور بلا اشتعال بھارتی فائرنگ، گولہ باری، 20 سالہ لڑکی زخمی، پاکستان کی جوابی کارروائی
تتہ پانی (نامہ نگار) لائن آف کنٹرول پر بٹل سیکٹر میں بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کو معمول بنا لیا۔ ایک 20 سالہ لڑکی زخمی ہو گئی۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر مختلف سیکٹرز میں بھارتی فوج کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ خصوصاً بٹل سیکٹر میں بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کو اپنا معمول بنا لیا ہے۔ پیر و منگل کی درمیانی شب کے قریب بھی بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے بٹل سیکٹر کے سویلین آبادی کے علاقوں پر بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کی گئی جس کے نتیجہ میں بٹل کلہ کی رہائشی ایک 20 سالہ لڑکی علیزہ اعجاز دختر سردار اعجاز خان بائیں ٹانگ میں شیل لگنے سے زخمی ہو گئی جسے طبی امداد کیلئے فوری قریبی مرکز صحت پہنچایا گیا۔ ادھر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عوام شدید گرمی و حبس میں اپنے گھروں میں محصور ہو کر راتیں گزارنے پر مجبور ہیں۔ ان سویلین علاقوں میں خوف و ہراس کی کیفیت پائی جاتی ہے۔ پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی جا رہی ہے۔