منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی ہو گی: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاہے کہ صوبے میں آٹے سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام انتظامی اقدامات کرینگے۔ آٹے کی مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ آٹا تھیلا کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی ہوگی۔ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔ کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو آٹے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ قیمتوں میں فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں۔ آٹے اور دیگراشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ موجودہ حالات میں عام آدمی کے مفادات کا پورا تحفظ کریں گے۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام کرینگے اور کسی کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔ عثمان بزدارکی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں مون سون سیزن کے پیش نظر ممکنہ سیلاب کے حوالے سے محکموں اور اداروں کی تیاریوں و انتظامات کاجائزہ لیا گیا اور اربن فلڈنگ کے خدشے کے حوالے سے شہروں میں ضروری انتظامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان نے متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ مون سون سیزن کے پیش نظر دریائوں میں پانی کے بہائو کو 24گھنٹے مانیٹر کیا جائے۔ پی ڈی ایم اے میں قائم کنٹرول روم صورتحال پرنظر رکھے اور متعلقہ وفاقی و صوبائی محکمو ںکے درمیان بہترین کوآرڈینیشن یقینی بنائی جائے۔ عثمان بزدار نے نالوںکی صفائی کے کام میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جون تک نالوں کی صفائی مکمل ہونی چاہیے تھی۔ اس ضمن میں تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ لاہور کے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی جلد نکاسی کے لئے موثر پلان پہلے سے ترتیب دیا جائے۔ محکمہ موسمیات موسم کی صورتحال کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ پیش کرے۔ عثمان بزدارسے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر اعجاز عالم نے محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی جانب سے مرتب کردہ کتاب ’’وائٹ ان فلیگ‘‘ وزیراعلیٰ کو پیش کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اقلیتوں کے حوالے سے جامع کتاب ترتیب دینے پر محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتی برادری کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت خصوصی اجلاس جس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے امن عامہ سے متعلق اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فرقہ واریت میں ملوث عناصر کی سرگرمیوں کو سختی سے کچلا جائے گا اور پنجاب کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی ۔ کالعدم تنظیموں اوران کے سہولت کاروں کی جانب سے چندہ یا فنڈز جمع کرنے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں اور قانون شکن عناصر کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے۔ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والے عناصر کی سرکوبی کے لئے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں این جی اوز کا آڈٹ مکمل ہوچکا ہے۔