وفاقی کابینہ، کرونا: عید کیلئے سخت قواعد و ضوابط کی منظوری
اسلام آبا (وقائع نگار خصوصی) وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ائیر مارشل ارشد ملک کے 3 سال تک عہدے پر رہنے کی منظوری دے دی۔ اس بات کا فیصلہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا جو منگل کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ملک کی مجموعی اقتصادی اور سیاسی صورت حال سمیت کرونا وائرس کی وبا اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازنے پریس بریفنگ میں بتایا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد ائیر مارشل ارشد ملک پاکستان ائیر فورس سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو رہیں گے۔ ائیرمارشل ارشد ملک 12 جولائی2020ء کو پاکستان ائیر فورس سے ریٹائر ہو رہے ہیں، انہیں 11 اکتوبر 2018 کو وفاقی کابینہ نے پی آئی اے کا چیئرمین بنانے کی منظوری دی تھی جب کہ بعد ازاں 2 اپریل 2019ء کو انہیں ڈیپوٹیشن پر سی ای او تعینات کیا گیا تھا۔ کابینہ نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق کمپنیز ایکٹ2017ء میں ترمیم کا معاملہ مؤخرکردیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے بتایا کہ پی آئی اے کے جعلی لائسنس والے 28 پائلٹس کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کے زمینی حقائق دیکھ کر حکمت عملی اپنائی، معاشی نقصانات کے باوجود ٹیکس فری بجٹ پیش کیا، کرونا کے خلاف نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے مؤثر کردار ادا کیا۔ دیگر ممالک کے مقابلے میں کرونا سے پاکستان بہت کم متاثر ہوا ہے، کرونا کی روک تھام کے لیے حکومت کی حکمت عملی بہت کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو عید الاضحیٰ پر وبا پھیلنے کا خدشہ ہے، وزیراعظم نے عید الاضحیٰ اپنے گھر پر منانے کا فیصلہ کیا ہے، عوام بھی عید الاضحیٰ پر باہر جانے کی بجائے گھروں میں رہیں۔انہوں نے کہا کہ کرونا کی روک تھام کے لیے موجودہ حکومت کی حکمت عملی بہت کامیاب رہی، کچھ سیاسی جماعتوں نے کرونا کے معاملے پر سیاست کرنے کی کوشش کی لیکن عمران خان نے پاکستان کے زمینی حقائق دیکھ کر کرونا سے متعلق حکمت عملی اپنائی ہے۔ کابینہ اجلاس میں یہ بات کہی گئی ہے کہ لوگ عیدالضحیٰ پر عید الفطر کی طرح اکٹھے نہ ہوجائیں، اس بار اس چیز کو روکنے کے لیے حکومت نے بڑے سخت قواعد و ضوابط بنائے ہیں اور انتظامیہ کو کہا گیا ہے کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے کابینہ نے عید پر کرونا کا پھیلائو روکنے کیلئے سخت قواعد و ضوابط کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت ان غریب لوگوں میں 150 ارب روپے تقسیم کیے گئے اور جن کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں ہے یہ پروگرام ان کی مشکلات میں کمی کا پیش خیمہ ثابت ہوا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے معاون خصوصی ثانیہ نشتر کو پروگرام کا دوسرا حصہ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور مشیر خزانہ کو ہدایت کی ہے وہ بھی اس کی تیاری شروع کریں۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کو شوگر انکوائری رپورٹ کے تناظر میں انکوائری کمشن کی سفارشات پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی وزیر صنعت و پیداوار نے بتایا کہ شوگر اصلاحات کمیٹی تشکیل دی جاچکی ہے جس سے چینی کی پوری سپلائی چین کو واضح کردیا گیا ہے اور عوام کو سستی چینی کی فراہمی کے مواقع پیدا ہوں گے کابینہ نے منی لانڈرنگ کے قانون کو مزید موثر بنانے کے لیے ترمیم کی، منی لانڈرنگ سے ملک کو بہت زیادہ نقصان پہنچا اس لیے اس کی روک تھام کے لیے بہت موثر قانون سازی کی گئی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کابینہ نے ڈرگ پروسیسسنگ پالیسی 2018 کو ڈرگ ایکٹ 1976 کے مطابق بنانے کے لیے ترامیم کی منظوری دی۔وفاقی کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی، معاشی اور کرونا کی صورتحال سمیت 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیااجلاس میں ایف اے ٹی ایف سے متعلق کمپنیز ایکٹ 2017ء میں ترمیم کا معاملہ موخر کر دیا گیا ہے۔کابینہ نے وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی والدہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ اور دعا کی۔ کابینہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت کے موثر اقدامات کی وجہ سے کرونا کا گراف نیچے آنا شروع ہو گیا ہے۔ تاہم کابینہ نے اس امر پر زور دیا کہ آئندہ عیدالضحیٰ کے دوران حفاظتی ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ کابینہ نے زندگی اور کاروبار میں توازن رکھنے کی پالیسی اور اس حوالے سے وزیرِ اعظم کے وژن کو سراہا۔ کابینہ نے بجٹ کی منظوری پر مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور انکی ٹیم کو مبارکباد دی۔ کابینہ نے نوٹ کیا کہ جب موجودہ حکومت نے باگ ڈور سنبھالی تو تمام معاشی اعشاریے منفی تھے۔ کابینہ نے نوٹ کیا کہ پاور سیکٹر ، اداروں کے خساروں اور دیگر نقصانات کے ساتھ ساتھ موجودہ حکومت کو قرضوں کا ایک کثیر بوجھ ورثے میں ملا جس پر واجب الادا سود اور قسطیں دینے کے لئے مزید قرضے لینے پڑتے ہیں۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کی کاوشوں سے پرائمری بیلنس مثبت ہوا، اخراجات اور آمدن میں توازن پیدا ہوا، ملکی برآمدات میں اضافہ دیکھنے میں اور مجموعی طور پر تمام معاشی اعشاریوں میں بہتری سامنے آئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کرونا کی وجہ سے معیشت کو استحکام دینے کی کوششیں متاثر ہوئیں اس کے باوجود حکومت کہ ہر ممکنہ کوشش ہے کہ معاشی عمل رواں رہے۔ کابینہ کی ہدایت کے مطابق پائلٹوں کے لائسنسوں کی تصدیق کے لئے کی جانے والی انکوائری اور انکوائری بورڈ کی سفارشات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی کابینہ کو بتایا گیا کہ انکوائری میں جن پائلٹس کے لائسنس مشکوک پائے گئے تمام کو گرائونڈ کر دیا گیا ہے جب کہ باقی سارے کلیئر ہیں ڈومیسٹک اور بین الاقوامی سٹیک ہولڈرز کو آگاہ کر دیا گیا ہے پی آئی اے اور سی اے اے میں ان افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے ایسے28پائلٹس ہیں جن کے لائسنس مشکوک پائے گئے ان کے خلاف انضباطی کاروائی مکمل کر لی گئی ہے انہیں ملازمت سے نکال دیا گیا ہے جب کہ بقیہ کے خلاف کارروائی جاری ہے ان کے خلاف انضباطی اور کریمنل کارروائی تیزی سے جاری ہے یہ تمام مشکوک لائسنس پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ (ن) کے ادوار میں 2010 اور 2018 کے دوران جاری ہوئے موجودہ حکومت نظام اوراداروں میں اصلاحات پر یقین رکھتی ہے وہ بلا خوف وخطر اس مافیا کو ایکسپوزکرے گی اور اس کے خلاف ایکشن لے گی حکومت نے پہلے ہی پی آئی ے اور سی اے اے میں پہلے ہی اصلاحات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ سول ایوی ایشن میں اصلاحات کا ایجنڈا جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ کابینہ کو شوگر انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مزید کارروائی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ برائے صنعت و پیداوار نے بتایا کہ شوگر ریفارم کمیٹی تشکیل دینے کی باقاعدہ تجویز آج پیش کر دی جائے گی تاکہ وہ چینی کے نظام میں موجود خرابیوں کو دور کرنے کے لئے جامع سفارشات مرتب کر سکے کابینہ نے کمپنیز ایکٹ 2017اور لمیٹڈ لائیبلٹی پارٹنرشپ ایکٹ 2017میں ترمیم کا ایجنڈا موخر کر دیا گیا۔ منی لانڈرنگ کے قانون کو مزید موثر بنانے کی غرض سے کابینہ نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010کے سیکشن 42 میں پیش گوئی جرائم (Predicate Offence) میں شامل کرنے کی منظوری دی۔ اسلام آباد میں گھروں کی قلت کو پورا کرنے کے حوالے سے ایف بارہ اور جی بارہ سیکٹرز کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز اتھارٹی (FGEHA) کو دینے کے حوالے سے مزید پیش رفت کے ضمن میں کابینہ کی ہدایت کے مطابق قائم کمیٹی کی سفارشات کاکابینہ کے سامنے پیش کی گئیں جنہیں کابینہ نے منظور کیا۔ کابینہ نے نادرا (نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی) اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مابین ری ایڈمیشن کیس منیجمنٹ سسٹم کے قیام کے لئے معاہدے کی منظوری دی۔کابینہ نے منور حسین کو سی ای او ایگرو فوڈ پراسیسنگ فیسیلیٹیز ملتان تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے سید سویل میکال حسین ، عمران وحیدالدین اور مراد انصاری کو STEDEC Technology Commercialization Corporation of Pakistan (Pvt) Ltd. کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بطور ارکان تعینات کرنے کی منظوری دی۔کابینہ نے قانونی مقدمات کی پیروی کے لئے ایف بی آر کو ماہر وکلاء کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے02جولائی 2020کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی منظوری دی کابینہ نے ڈرگ پرائسنگ پالیسی2018کو ڈرگ ایکٹ 1976کے مطابق بنانے کے لئے ترمیم کی منظوری دی۔ کابینہ کی ہدایت پر Remdesivir Injectionکی مقامی سطح پر تیاری کے حوالے سے رجسٹریشن میں جان بوجھ کر تاخیر کی شکایتکی انکوائری رپورٹ کابینہ میں پیش کی گئی۔ کابینہ نے26 جون 2020کو پٹرولیم مصنوعات میں ہونے والے اضافے کی منظوری دی۔ کابینہ نے محترمہ راحت کونین حسن، شمائلہ لون اور مجتبیٰ احمد لودھی کو تین سال کے لئے مسابقتی کمشن آف پاکستان کے ارکان تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے راحت کونین حسن کو چئیرمین مسابقتی کمشن آف پاکستان تعینات کرنے کی منظوری دی۔کابینہ نے ریاض احمد میمن جو کہ چئیرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں ان کو سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹر میں شامل کرنے اور تین ماہ کے لئے چئیرمین سٹیٹ لائف آف کارپوریشن کی اضافی ذمہ داریاں سونپنے کی منظوری دی۔