• news

تحریک انصاف الیکشن میں کئے وعدے پورے کریگی: گورنر 

لاہور (صباح نیوز‘ این این آئی) گورنر پنجاب چوہدری سرور سے صوبائی وزراء انصر مجید نیازی اور حافظ ممتاز احمد کی ملاقات، جبکہ گور نر پنجاب نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے 2سنڈیکیٹ ممبران کے ناموں کی بھی منظوری دیدی۔ چوہدری سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ کرونا بحران کی وجہ سے پاکستان کو معاشی چیلنج کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے مگر اس کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ عمران خان کی قیادت میں حکومت قومی امنگوں کی تر جمانی کرتے ہوئے ملک وقوم کے مفاد میں تمام فیصلے کر رہی ہے اور عوامی مفادات کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ پاکستان تحر یک انصاف نے عام انتخابات سے قوم سے جو بھی وعدے کئے ہیں انکو پورا کیا جائیگا۔ بعدازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے سکھ کیمونٹی کے وفد نے تحر یک انصاف کے مر کزی رکن مون خان کے ہمراہ ملاقات کی۔ پنجاب نے فاروق آباد ٹرین حادثہ پر سکھ کمیونٹی سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ فاروق آباد ٹرین حادثہ درد ناک واقعہ ہے قیمتی جانوں کے ناقابل تلافی نقصان پر پوری قوم کوبے حد دکھ اور افسوس ہے ہم اس واقعے میں زندگی کی بازی ہار نیوالوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شر یک ہیں اور تمام تر دلی ہمدردی سوگواران کے ساتھ ہیں اور ہم زخمی ہونیوالوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہیں۔دریں اثناء گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بطور چانسلر سمریوں کی منظوری دیتے ہوئے ڈاکٹر شگفتہ عندلیب کوتین سال کی مدت کے لئے ممبر سنڈیکیٹ یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور اور پروفیسر ڈاکٹر محمد عالم سعید کو تین سال کے لئے ممبر سنڈیکیٹ یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور تعینات کر دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن