پولیس مقابلے: چنیوٹ اشتہاری‘ فیصل آباد 2 ڈاکو‘ بھکھی میں 9 قتلوں کا ملزم ہلاک
شیخوپورہ+ چنیوٹ+ فیصل آباد (نامہ نگار+ آن لائن) مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران چنیوٹ میں 1 اشتہاری جبکہ فیصل آباد میں 2 ڈاکو مارے گئے۔ چنیوٹ میں کوٹ سرور کے قریب پولیس مقابلہ میں سابق پولیس ملازم کا حقیقی ڈاکو بھائی گرفتار جبکہ ساتھی قیصر مسلم شیخ ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالا قیصر پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ ایس ایچ او تھانہ صدر واردات کی اطلاع پاکر ساڑ والا روڈ پر جا رہے تھے کہ سامنے سے دو موٹرسائیکلوں پرسوار 4 مسلح اشخاص آرہے تھے جنہیں مشکوک سمجھ کر روکا گیا تو اس نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا۔ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ دو ملزمان فرار ہوگئے۔ فیصل آباد میں علی الصبح دو مسلح ڈاکوئوں نے ڈی ٹائپ کے علاقہ یا علی چوک کے قریب سنی نامی شہری سے نقدی و موبائل چھین کرفرار ہوئے تو متاثرہ شخص نے ریسکیو 15پر اطلاع کی توکال رسیو ہونے کے کچھ دیر بعد تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ گندے کھوہ کے قریب مذکورہ حلیہ کے موٹر سائیکل سوار وں کو مشکوک پا کر رکنے کا اشارہ کیا تو موٹر سائیکل سواروں نے ڈولفن فورس پر فائرنگ کردی، تاہم جوابی فائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے موٹر سائیکل سوار دونوں افراد مارے گئے۔ پولیس نے دوران تلاشی انکے قبضہ سے چھینی جانے والی نقدی اورموبائل فون اور اسلحہ برآمد کرکے نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال پہنچا دی۔ دریں اثناء تھانہ بھکھی کے علاقہ کھاریانوالہ میں 9 افراد کے قتل کا مرکزی ملزم فیصل جٹ پولیس مقابلہ میں ہلاک ہو گیا۔ جبکہ 5 ملزم گرفتار کر لئے گئے۔