• news
  • image

شہدائے وطن کو آرمی چیف کا خراج عقیدت

پاک فوج کی جانب سے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر تاریخ رقم کرنے والے دو عظیم سپوتوں شہید کیپٹن کرنل شیر خان (نشان حیدر) اور حوالدار لالک جان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جان نچھاور کرنے سے بڑھ کر کوئی اعزاز نہیں۔
بلاشبہ اپنا آج قوم کے کل پر قربان کرنے والے جری سپوت قوم کا فخر اور عظیم جنگی ہیرو ہیں۔ وطن کی سرحدوں کی نگہبانی پر مامور محافظ دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دفاع کے تقاضے پورے کررہے ہیں۔ قوم ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ رہی ہے۔ جس فوج کے ساتھ عوام کھڑے ہوں اُسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ اس کے دشمن کو ناکامی ، نامرادی اور ہزیمت سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ہمیں ایسے دشمن کا سامنا ہے جسے انسانیت کا پاس ہے نہ اخلاقیات کی پروا اور نہ ہی وہ عالمی قوانین کو خاطر میںلاتا ہے۔ اس نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی انتہا کر رکھی ہے۔ ایل او سی پر شرانگیزی میں اضافہ دراضافہ کیا جا رہا ہے ۔ گزشتہ روز بھی لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کر کے بچوں اور خواتین سمیت5 افراد کو زخمی کر دیا۔ بھارت کا یہ اقدام جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ پاکستان ایسے حملوں کا منہ توڑ جواب دیتا آ رہا ہے۔ مقبوضہ وادی میں فورسز کی سفاکیت پر امریکی رکن کانگرس یویٹ کلارک نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت پر انسانی حقوق کی پامالیاں بندکرنے پر زور دیا ہے۔ بھارت کے مظالم پر دنیا بارہا تشویش کا اظہار اور مذمت کر چکی ہے جس کا بھارت پر کبھی اثر نہیں ہوا۔ اب عملیت کے سوا کوئی چارہ کار نہیں بچا۔ اقوام عالم کو اس کی طرف آنا چاہئے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن