اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگا‘سونا 2400 روپے اضافہ کے بعد ایک لاکھ 8300 روپے تولہ ہوگیا
لاہور (کامرس رپورٹر‘ این این آئی) عالمی مارکیٹ میں قیمت بڑھنے سے پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ آٹھ ہزار تین سو روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ جیولرزکے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمت بڑھنے کی وجہ سے پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت دو ہزار چار سو روپے کے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ آٹھ ہزار تین سو روپے ہو گئی، دس گرام سونا دو ہزار اٹھاون روپے کے اضافے سے بانوے ہزار آٹھ سو پچاس روپے کا ہو گیا جبکہ 22 کیرٹ سونے کی قیمت پچاسی ہزار ایک سو بارہ روپے فی دس گرام ہو گئی۔ عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت 26 ڈالر کے اضافے سے ایک ہزار آٹھ سو ڈالر سے تجاوز کر گئی جو آٹھ سال کی بلند ترین سطح ہے۔ ماہرین کے مطابق غیر یقینی اقتصادی صورتحال کے باعث سونے میں سرمایہ کاری بڑھنے سے سونا مہنگا ہو رہا ہے۔انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قدر میں 5پیسے کی کمی ہوئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50پیسے مہنگا ہوگیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں5پیسے کی کمی سے ڈالر کی قیمت خرید 166.80روپے سے گھٹ کر 166.75 روپے اور قیمت فروخت 167.10 روپے سے گھٹ کر167.05 روپے ہو گئی جب کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید50پیسے کے اضافے سے166.50روپے سے بڑھ کر167روپے اور قیمت فروخت167روپے سے بڑھ کر167.50روپے ہوگئی۔