سانحہ ماڈل ٹاؤن: انصاف کیلئے آخری سانس تک جدوجہد کریں گے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ شہید اور اسیرکارکنوں کے انصاف کیلئے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے چوٹی کے نامور وکلاء کی قانونی خدمات حاصل کیں۔ انصاف کا قلم تو ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے لیکن انصاف کی جنگ لڑنا ہمارے ہاتھ میں ہے۔ کارکنوں نے بھی وفاء کی تاریخ رقم کی اور تحریک اور قیادت نے بھی، اس طرح کی ملکی تاریخ میںکوئی اور مثال موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان کو اپ ڈیٹ دے رہا ہوں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کی جدوجہد کے دو حصے ہیں۔ ایک کیس انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں لڑا جا رہا ہے اور ا س کیس سے متعلقہ کچھ اپیلیں لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں ہیں، لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں پیش ہونے والے وکلاء میں بیرسٹر علی ظفر ایڈووکیٹ جو سابق وفاقی وزیر اور سپریم کورٹ بار کے صدر اور سینئر ترین وکیل ہیں، اس پینل میں خواجہ احمد طارق رحیم ایڈووکیٹ، ڈاکٹرخالد رانجھا ایڈووکیٹ، سابق جج لاہور ہائیکورٹ مظہر سدھو ایڈووکیٹ اور اظہر صدیق ایڈووکیٹ شامل ہیں، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے انصاف کا ایک حصہ انسداد دہشتگردی عدالت لاہور سے متعلق ہے۔ اس وقت کیس مختلف عدالتوں میں ہیں ، نئی جے آئی ٹی کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کا سات رکنی لارجر بنچ سماعت کر رہا ہے۔ آخری سانس تک شہید کارکنوں کے انصاف کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے اور انشاء اللہ آخری فتح حق اور مظلوموں کی ہو گی۔