یقین ہے پاکستان کرونا سے جلد چھٹکارا پا لے گا: چینی سفیر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) اسلام آباد میں آئسولیشن ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر یائو جنگ نے کہا ہے کہ این سی او سی کا کمانڈنگ سسٹم کرونا کے خوفناک وائرس کی روک تھام اور اس کے کنٹرول میں بہت مدد دے رہا ہے۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ پاکستانی حکومت اور پاکستانی عوام کی کوششوں سے کرونا وائرس سے بہت جلد چھٹکارا پا لیں گے۔ اس دوران انہوں نے کہاکہ مجھے بہت فخر ہے کہ میں آئسولیشن ہسپتال کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہاکہ یہ کامیابی بہت ہی کم مدت میں حاصل کرنا پاکستانی حکومت کے لئے ایک معجزہ ہے۔ یائو جنگ نے کہاکہ اس وائرس کے خلاف وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں جو کام این سی او سی کر رہا ہے میں نے اس کا مشاہدہ کیا ہے۔ این سی او سی کا کمانڈنگ سسٹم اس خوفناک وائرس کی روک تھام اور اس کے کنٹرول میں بہت مدد دے رہا ہے۔ چینی سفیر نے کہاکہ مجھے پختہ یقین ہے کہ پاکستانی حکومت اور پاکستانی عوام کی کوششوں سے آپ اس وائرس سے بہت جلد چھٹکارا پا لیں گے۔