• news

پنجاب بھر میں سستا آٹا فراہمی شروع‘ 20 کلو کا تھیلا 860 روپے میں دستیاب

لاہور (نیوز رپورٹر) فلور ملز کو سرکاری گندم کی ریلیز کے ساتھ ہی پنجاب بھر میں سستے آٹے کی فراہمی شروع ہوگئی ہے اور عام شہریوں کیلئے20کلو آٹے کا تھیلا860روپے میں دستیاب ہے۔ اسی طرح جنرل سٹورز اور کریانے کی دکانوں پر آٹے کے تھیلوں کی کنٹرول ریٹ پر فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔ جس کے لئے مختلف اضلاع میں فئیر پرائس شاپس اور سیل پوائنٹس بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کو پنجاب بھر کی تمام ڈویژنوں سے سستے آٹے کی فراہمی کے سلسلے میں رپورٹس ارسال کی گئی ہے۔ آٹے کے تھیلے کی ایکس مل ریٹ837 روپے اور ریٹیل پرائس 860روپے رکھی گئی ہے جس پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں محکمہ خوراک مکمل طور پر الرٹ ہے اور ضلعی انتظامیہ بھی سستے آٹے کی فراہمی کے لئے متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن