• news

برسلز: یورپین پارلیمنٹ کے باہر مظاہرہ، ’’مودی قاتل‘‘ کشمیریوں کا قتل عام بند کرو، آزادی کے حق میں نعرے

برسلز(کے پی آئی) یورپی پارلیمنٹ کی انسانی حقوق سب کمیٹی کے اجلاس کے دوران یورپین پارلیمنٹ کے سامنے کشمیریوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے یورپین یونین پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی رکوانے، کشمیری قائدین یٰسین ملک، شبیر شاہ، اور دیگر اسیران کی رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ریاست جموں کشمیر کے عوام آزادی پسند اور انسانی حقوق کا احترام کرنے والی اقوام کی حمایت کے منتظر ہیں۔ احتجاجی مظاہر ے کا اہتمام جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ بیلجیئم برانچ نے کیا تھا ۔کے پی آئی کے مطابق اس موقع پر مشتاق دیوان، شبیر جرال، اشفاق قمر، مسعود میر اور دیگر نے خطاب کیا۔ مظاہرے میں کثیر تعداد میں بچوں اور خواتین نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین بالخصوص بچوں اور خواتین نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میںانسانی حقوق کی پامالیوں کو رکوانے ، چیئرمین محمد یاسین ملک ،ظہور بٹ ،سمیت دیگر اسیران وطن کی رہائی ، سیز فائر لائن پر گولہ باری کے خاتمے اور ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی و خود مختاری کیلئے نعرے درج تھے۔ شرکاء مظاہرہ انسانی حقوق کی کمیٹی کے اجلاس کے دوران زبردست نعرے بازی کرتے رہے ، یورپین پارلیمنٹ کا احاطہ کشمیر میں قتل عام بند کرو، یسین ملک کو رہا کرو، ڈومیسائل قانون میں تبدیلی نامنظور، جموں کشمیر بنی گا خود مختار، قاتل قاتل مودی قاتل کے نعروں سے گونج اٹھا۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں پوری دنیا کے سامنے ہیں اور اقوام ِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹس بھی دنیا کے سامنے آ چکی ہیں اس کے باوجود عالمی برادری کی خاموشی اور سرد مہری افسوسناک ہے۔ مقررین نے متنبہ کیا کہ اگر مسئلہ جموںکشمیر جلد حل نہ ہوا تو بھارت ، پاکستان اور چائینہ جیسی جوہری طاقتوں کے ٹکرائو کے نتیجے میں ریاست جموں کشمیر سمیت پورا جنوبی ایشیا ایک بہت بڑی تباوہی کی زد میں آ سکتا ہے۔اس موقع پر راجہ طارق، چودھری جمیل، راجہ ظہیر، طارق مغل، ندیم جرال، متین ملک، شہزاد مغل، حبیب ملک، لطیف بٹ، بنارس ٹھاکر، طارق اعوان، سجاد وانی، بشیر چودھری، علی رضا، راجہ نصیر، راجہ فہیم، ظہیر جرال، خواجہ جاوید، خواجہ ظفرالدین اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن