• news

کرونا: اموات 5 ہزار، 4346 شفایاب، سندھ میں مریض ایک لاکھ سے زائد

لاہور+ اسلا م آباد (وقائع نگار خصوصی+ سپیشل رپورٹر + نمائندہ خصوصی+خصوصی نمائندہ) پاکستان میں کرونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 2لاکھ 42 ہزار 740 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 5032 ہو گئیں۔ ملک میں کرونا وائرس کے3011 نئے کیسز اور78 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ 4 ہزار 346 افراد وائرس سے شفایاب ہوگئے۔ سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ جس کے بعد وہ ملک کا پہلا صوبہ بن گیا جہاں کیسز ایک لاکھ کو عبور کرگئے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں کرونا وائرس کے ایک ہزار 538 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 900 تک پہنچ گئی۔ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 40 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے مجموعی تعداد 1677 تک پہنچ گئی۔صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس نے مزید 988 افراد کو متاثر کیا جبکہ 26 اموات کا اضافہ بھی ہوا۔ مجموعی کیسز 84 ہزار587 تک پہنچ گئے۔ مجموعی اموات کی تعداد 1955 ہوگئیں۔ خیبر پختونخوا میں کرونا کیسز میں 354 کا اضافہ، متاثرین کی تعداد 29 ہزار 406 ہوگئی۔صوبے میں مزید 9 مریض وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے، مجموعی اموات 1063 ہوگئی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں 81 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 2 افراد انتقال کرگئے۔ 81 نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 13 ہزار 731 تک پہنچ گئی۔ مجموعی اموات 142 تک پہنچ گئی۔گلگت بلتستان میں مزید 10 نئے متاثرین رپورٹ ہوئے جبکہ ایک فرد کا انتقال ہوا۔ مجموعی متاثرہ افراد کی تعداد 1605 ہوگئی۔ انتقال کرنے سے یہ تعداد 31 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں مزید 40 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ تعداد 1459 ہوگئی۔ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے ، 24 گھنٹوں میں 4 ہزار 346 مریض شفایاب ہوگئے۔ تعداد ایک لاکھ 45 ہزار 311 تک جاپہنچی۔ حکومت پنجاب نے کرونا کی وجہ سے سرکاری اوقات کار میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن کی طرف سے جو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے اس کے مطابق ہفتے میںپانچ دن کام کرنے والے دفاتر میں پیر سے جمعرات تک صبح 10 بجے سے شام پانچ بجے تک کام ہو گا۔ جبکہ جمعہ کے روز صبح دس بجے سے ایک بجے تک سرکاری دفاتر کھلے رہیں گے۔ اسی طرح جو دفاتر ہفتے میں چھ دن کام کرتے ہیں وہ صبح 10 بجے سے تین بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ کے روز صبح دس بجے سے ایک بجے تک کھلے رہیں گے۔ اب آٹھ کی بجائے سرکاری محکموں میں چھ گھنٹے تک کام ہو گا۔ گوجرانوالہ ریجن میں کرونا کے مزید 51 کیس سامنے آ گئے جن میں گوجرانوالہ 21 ‘ گجرات 13 ‘ حافظ آباد 1 ‘ منڈی بہاؤ الدین 1 ‘ نارووال 1 اور سیالکوٹ 14 افراد میں کرونا کی تشخیص‘ مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس سے 2خواتین کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد151تک پہنچ گئی ہے ۔کے پی آئی کے مطابق جمعرات کو جاں بحق ہونے والوں میں بارہمولہ پٹن کی خاتون کی عمر80سال جبکہ نٹی پورہ سرینگر کی خاتون کی عمر60 سال تھی۔ گزشتہ روز 9 سرکاری ملازمین 2 حاملہ خواتین، 4 بینک ملازمین اور فورسز کے 19 اہلکاروں سمیت 330 افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں۔ جموں کشمیر میں کرونا متاثرین کی مجموعی تعداد 9261 تک پہنچ گئی ہے۔کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات جاری ہیں۔ پنجاب کے سات شہروں کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ ان میں لاہور‘ ملتان‘ فیصل آباد‘ گوجرانوالہ‘ سیالکوٹ‘ گجرات اور راولپنڈی شامل ہیں۔ سمارٹ لاک ڈاؤن 24 جولائی تک نافذ رہے گا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید کہا کہ لاہور پولیس کے 15سو سے زائد پولیس افسران وجوان سلیکٹڈ لاک ڈائون ایریاز میں سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 02 ایس پیز، 04 ڈی ایس پیز، 07 ایس ایچ اوز،177 اپر سب آرڈینیٹس جبکہ 1332 اہلکار ہاٹ سپاٹ پوائنٹس پر حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تعینات ہونگے۔ ان علاقوں میں ٹاؤن شپ اے ٹو بلاک‘ ڈی ایچ اے‘ ای ایم ای سوسائٹی‘ چونگی امرسدھو مین بازار‘ پنجاب گورنمنٹ سکیم‘ گرین سٹی شامل ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے نیوز بریفنگ میں کہا ہے کہ کرونا پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ ملک میں کرونا کیسز کم ہو رہے ہیں۔ انسداد ٹڈی دل کیلئے آرمی کے 5 ہیلی کاپٹر ز موجود ہیں۔ ٹڈی دل پاکستان سے بھارتی پنجاب چلے گئے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے ٹڈی دل کو تلف کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے۔ انسداد ٹڈی دل کیلئے ترکی سے جہاز کرائے پر لئے۔ کرونا سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے نے صوبوں کو حفاظتی لباس فراہم کئے۔ منظوری کے بعد 15 روز میں 2 ائر کرافٹ خرید لیں گے۔ کیڑے مار ادویات وافر مقدار میں ہیں۔ حفاظتی سامان کی فراہمی‘ ٹیسٹنگ صلاحیت میں اضافے کیلئے اقدامات کئے۔
اسلام آباد + بیجنگ ( شنہوا + نوائے وقت رپورٹ) دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 21 لاکھ 70 ہزار 408 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 52 ہزار 112 ہو گئیں۔کرونا وائرس کے دنیا بھر میں 45 لاکھ 49 ہزار 108 مریض ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 58 ہزار 276 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 70 لاکھ 69 ہزار 188 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ امریکا تاحال کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ، امریکا میں کرونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 34 ہزار862 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے جبکہ متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 31 لاکھ 58 ہزار 932 ہو چکی ہے۔15 ہزار 457 کی حالت تشویش ناک ہے۔برازیل کے مریضوں کی تعداد 17 لاکھ 16 ہزار 196 تک جا پہنچی جبکہ یہ وائرس68 ہزار55 زندگیاں نگل چکا ہے۔ بھارت کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے، جہاں کرونا سے 21 ہزار 144 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 69 ہزار 52 ہو گئی۔ روس میں کل اموات 10 ہزار 667 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 792 ہو چکی ہے۔ سپین میں کرونا کے اب تک 2 لاکھ 99 ہزار 593 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں جب کہ اس وبا سے اموات 28 ہزار 396 ہو گئیں۔برطانیہ میں کرونا سے اموات کی تعداد 44 ہزار 517 ہوگئی جبکہ کرونا کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 86 ہزار 979 ہو چکی ہے۔میکسیکو میں کرونا وائرس سے کل اموات کی تعداد 32 ہزار 796 ہو گئی، اٹلی میں کرونا وائرس کی وبا سے مجموعی اموات 34 ہزار 914 ہو چکی ہیں، جہاں اس وائرس کے اب تک کل کیسز 2 لاکھ 42 ہزار 149 رپورٹ ہوئے ہیں۔سعودی عرب میں کرونا وائرس سے اب تک کل اموات 2 ہزار 59 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں اس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 20 ہزار 144 تک جا پہنچی ہے۔ چین میں کرونا مریضوں کی تعداد 83 ہزار 581 ہو چکی ہے اور اس سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 ہزار 634 پر رکی ہوئی ہے۔ چین نے باہمی مشاورت کے بعد عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے ماہرین کو بیجنگ بھیجنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جو سائنسی بنیادوں پر تعاون کرتے ہوئے کرونا وائرس کی ابتدا کا کھوج لگانے کے لئے چینی سائنس دانوں اور طبی ماہرین سے خیالات کا تبادلہ کریں گے، یہ بات وزارت خارجہ کے ترجمان ترجمان ڑا لی جیان نے بتائی۔ عالمی مشن کے دائرہ کار اور حوالہ جات کی شرائط طے کریں گے۔ بیجنگ اولمپک 2022 کے ٹرائلز کے علاوہ چین 2020 میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد نہیں کرے گا۔ اس فیصلے کا اعلان چین کی کھیلوں کی جنرل انتظامیہ نے جمعرات کوکیا۔

ای پیپر-دی نیشن