ریلوے گالف کلب فزیبلٹی‘ کنسلٹنٹ رپورٹ پیش‘ فریقین سے رائے طلب
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ میں ریلوے گالف فیصلے پر عمل درآمد کیس کی سماعت میں ریلوے گالف کلب کی فزیبلٹی اور کنسلٹنٹ کی رپورٹ پیش کردی گئی۔ عدالت نے رپورٹ پر فریقین سے رائے طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کر دی۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا رپورٹ آج پیش ہونے کے باعث اسے زیر غور نہیں لائیں گے،، وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کے حکم کے باوجود ایم ایچ وی ایل کی جانب سے آڈٹ میں تعاون نہیں کیا گیا، ایم ایچ وی ایل کی جانب سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، وکیل ایم ایچ وی ایل نے عدالت کو بتایا کہ اکاؤنٹس پہلے سے ہی ریلوے کے پاس ہیں، جسٹس اعجازالاحسن نے کہا ریلوے نے تو کہا تھا کہ کلب کے لیے بہت سی پارٹیاں تیار ہیں، ابھی تک نہ آر ایف ٹی بنی، لگتا ہے کلب کی لیز ہونے میں مزید دس سال لگیں گے، عدالت نے ایم ایچ وی ایل کمپنی کے نمائندے کو آئندہ پیر کو ریلوے اور آڈٹ سے رابطہ کی ہدایت کردی۔