• news

حمزہ شہباز کا وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالے ارکان کیخلاف سخت کارروائی کا عندیہ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے ارکان کے خلاف جلد کارروائی کا عندیہ۔ اب پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی پنجاب اسمبلی آمد، حمزہ شہباز کی لیگی ارکان سے ملاقات ہوئی۔ لیگی ارکان نے عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے ارکان کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار اور پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جس پر حمزہ شہباز نے جلد کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز گزشتہ روز پروڈکشن آرڈر پر پنجاب اسمبلی پہنچے اور سپیشل کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق بعدازاں حمزہ شہباز سے اپوزیشن چیمبر میں مسلم لیگ (ن) کے رکن سمیع اللہ خان، خواجہ عمران نذیر، چوہدری شہباز، خلیل طاہر سندھو، سنبل ملک اور رخسانہ کوکب نے ملاقات کی۔ لیگی رکن سمیع اللہ خان نے کہا کہ عثمان بزدار سے جب گزشتہ سال ان چھ ارکان نے ملاقات کی تھی ان کیخلاف اس وقت ہی کارروائی ہونی چاہیے تھی۔ اگر اس وقت ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جاتا تو آج یہ لوگ عثمان بزدار سے دوبارہ ملاقات نہ کرتے۔ پنجاب کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے اور ان ارکان کے خلاف فوری قرارداد منظور کی جائے تاکہ آئندہ کوئی لیگی ایم پی اے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہ کرے۔

ای پیپر-دی نیشن