• news

آل پاکستان انجمن تاجران کے دونوں گروپوں کا 18جولائی کو احتجاج کا اعلان

لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران (اشرف بھٹی گروپ) کے مرکزی صدر اشرف بھٹی اور آل پاکستان انجمن تاجران (نعیم میر گروپ) کے مرکزی جنرل سیکرٹری نعیم میر نے 18 جولائی کو مشترکہ احتجاج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم حکومت کو گرانے نہیں بلکہ جگانے جا رہے ہیں۔ پاکستان کی معیشت بیٹھ گئی، تاجروںکے پاس عملے کو دینے کیلئے تنخواہیں نہیں، 18 جولائی کو حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو اگلا لائحہ عمل اسلام آباد میں ہی طے ہو گا۔ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں محبوب علی سرکی، سہیل بٹ، میاں خلیل عبیر، ملک کامران سلیم، ملک ناظم، حافظ رضوان بٹ، فاروق حفیظ، پرویز رحمت، لیاقت بٹ سمیت دیگر تاجروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر تاجر رہنمائوں نے علامتی طور پر باجے بجا کر ''ہارن بجائو حکمران جگائو'' تحریک کا بھی آغاز کیا۔ اشرف بھٹی نے کہا 18 جولائی کو تمام تاجر ہمارا ساتھ دیں۔ نعیم میر نے کہا یہ حکومت بالکل تاجر دوست نہیں،18 جولائی کو ٹھوکر نیاز بیگ پر صبح نو بجے اکٹھے ہوں گے اور وہاں سے کارواں اسلام آباد جائے گا۔ ہم ہارن بجا بجا کر سوئے ہوئے حکمرانوں کو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ایک دن ہفتہ وار تعطیل کی جائے اور کاروبار کا وقت رات 10 بجے تک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت نالائق اور نکمی ہے۔ اس حکومت کی ناقص معاشی پالیسی کی وجہ سے تاجر پریشان ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن