ہارس ٹریڈنگ نہیں چاہتے‘ آئینی طریقے سے حکومت ہٹانے کی کوشش کرینگے: شاہد خاقان
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کہیں غائب نہیں اسمبلی میں موجود ہے۔ مسلم لیگ ن حکومت کی ہر غلطی کی نشاندہی کرتی ہے لوگ ہم سے امید لگا کر بیٹھے ہیں۔ پی ٹی آئی ارکان حکومت کی ناکامی کا اعتراف کرتے ہیں ہم حکومت کے خلاف ہارس ٹریڈنگ میں ملوث نہیں ہونا چاہتے۔ آئینی طریقے سے حکومت کو ہٹانے کی کوشش کریں گے حکومتوں کی مدت پوری کرنے کا سب سے بڑا حامی ہوں یہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اب ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے میں 5 سال لگیں گے۔ حکومت سے کوئی ادارہ نہیں چل پا رہا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جتنے قرضے ہم نے 5 سال میں لئے انہوں نے 20 مہینے میں لئے۔ سود کی مد میں 1500 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا 200 ارب روپے چینی میں کھا گئے۔ آٹا بحران کے ذمے دار بھی یہ لوگ ہی ہیں۔ مہنگائی 4 سے 13 فیصد پر آ گئی۔ چینی کی قیمت میں 40 فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ اس وقت برطانیہ میں سرجریز نہیں ہو رہیں اگر نواز شریف کے بغیر ملک نہیں چل رہا تو بتا دیں۔ نواز شریف کے تین آپریشن ہونے ہیں قرض اتنا بڑھ گیا ہے کہ دفاعی بجٹ سے زیادہ سود میں ادا کرنا پڑ رہا ہے ہماری جماعت کا کلچر پی ٹی آئی کی طرح نہیں۔ اے پی سی ہم بھی چاہتے ہیں اگر بلاول بھٹو کو گلہ ہے تو میں معافی مانگ لیتا ہوں۔ پی پی کے اعتماد کو بحال کریں گے۔ مسلم لیگ ن میں مشاورت سے فیصلے ہوتے ہیں۔ پی ٹی آئی ارکان ہم سے رابطے کرتے ہیں اور حکومت کی ناکامی کا اعتراف کرتے ہیں۔