سی پیک، بجلی کے منصوبوں سے 4 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی: عاصم سلیم باجوہ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ریٹائرڈ) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ کوہالہ پاور اور آزاد پتن پاورمنصوبوں سے 4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی، یہ منصوبے 1800 میگاواٹ بجلی پیدا کریں گے۔ جمعہ کو وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور چینی کمپنیوں کے سربراہان نے چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں،ملاقات میں کوہالہ پاور اور آزاد پتن پاور منصوبوں پر کام شروع کرنے سے متعلق بات چیت کے علاوہ منصوبوں پر جلد از جلد کام شروع کرنے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ کوہالہ پاور اور آزاد پتن پاور منصوبوں سے 4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی، توانائی کے یہ منصوبے 1800 میگاواٹ بجلی پیدا کریں گے، منصوبوں سے روزگار کے 8 ہزار مواقع پیدا ہوں گے۔علاوہ ازیں معاون خصوصی اطلاعات عاصم سلیم باجوہ نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے کرونا وبا میں زندگی اور روزگار کیلئے متوازن پالیسی اپنائی۔ کرونا میں سماجی صورتحال سے متعلق پاکستان کی مؤثر پالیسی کو پذیرائی مل رہی ہے۔ ملکی پالیسی کی عالمی سطح پر حمایت اس کا واضح ثبوت ہے۔ قوم نے ثابت کیا وہ مہلک وباء کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہے۔