وزیر ہوا بازی کے احمقانہ بیان سے ایوی ایشن انڈسٹری کی بدنامی، پروازوں پر پابندیاں لگ گئیں: شہباز شریف
لاہور (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ محض اپنی ذمہ داری سے جان چھڑانے کے لئے وزیر ہوا بازی کی ناسمجھی و حماقت پر مبنی بیان کے نتیجے میں امریکہ سمیت مختلف ممالک نے پی آئی اے پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ایک بیان سے ہوا بازی کی پوری صنعت کے ساتھ کیا سے کیا ہوگیا اور افسوس، پاکستان کی بدنامی الگ سے ہوئی۔ ایک دوسرے ٹویٹ میں میاں شہباز شریف نے کہا کہ فلسطین کے مغربی کنارے اور وادی اردن کو ضم کرنے کا اسرائیل کا منصوبہ عالمی قانون سے کھلی بغاوت ہے جس کے نتیجے میں فلسطین اور اسرائیل کے درمیان دو ریاستی حل کا امکان ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان معاملہ او آئی سی، اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کے ساتھ اٹھائے۔