• news

عیدالاضحیٰ سے قبل ٹماٹر کی سنچری‘ مہنگائی میں 0.98 فیصد اضافہ: ادارہ شماریات

لاہور‘ اسلام آباد (کامرس رپورٹر/ نمائندہ خصوصی) ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ ہفتہ میں مہنگائی میں 0.98 فیصد اضافہ ہو گیا۔ ایک ہفتہ میں 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران چینی 2 روپے 14 پیسے مہنگی ہوئی، قیمت 80.82 روپے سے بڑھ کر 82.96 روپے فی کلو ہو گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں، فی کلو 29 روپے مہنگا ہو کر ٹماٹر 96 روپے 50 پیسے کا کلو ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق پیاز 4 روپے فی کلو مہنگا ہوا، 200 گرام سرخ مرچ 16 روپے مہنگی ہوئی، ایک ہفتہ میں انڈے فی درجن ساڑھے 4 روپے مہنگے ہوئے، چکن، بڑا گوشت، تازہ دودھ، چھوٹا گوشت، چاول گڑ، دال چنا بھی مہنگا ہوا۔ ایک ہفتے میں 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ کامرس رپورٹر کے مطابق کامرس رپورٹر کے مطابق عیدالاضحی سے قبل لہسن، ادرک، ہری مرچ، ہرا دھنیا، پیاز سمیت تمام سبزیاں مہنگی ہو گئیں۔ جبکہ حکومت کے تمام تر دعوؤں کے باوجود چینی اور آٹے کی قیمت میں بھی کمی نہ آ سکی۔ لہسن 300، ادرک 400، ہری مرچ 100 سے 120، ہرا دھنیا 250، آلو 80 سے 90، کھیرے 80 روپے کلو میں فروخت ہوتے رہے۔ سبزیوں کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے چینی کی قیمت 70 روپے تو مقرر کی گئی ہے۔ لیکن شہر میں چینی 80 سے 85 روپے میں فروخت ہوتی رہی۔ دوسری طرف حکومت کی جانب سے فلور ملز کو سرکاری گندم کی فراہمی کے باوجود آٹے کا 20 کلو تھیلا 1050 روپے میں ہی فروخت ہوتا رہا۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اس وقت تک کمی نہیں آ سکتی جب تک منڈیوں میں موجود منافع خوروں کو قابو نہ کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن