مسلسل ہراساں‘ میری تضحیک کی جا رہی‘ پراپیگنڈا کا سامنا ہے: اہلیہ جسٹس فائز
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ سرینا فائز عیسیٰ نے بیان میں کہا کہ مجھے مسلسل ہراساں کیا جارہا ہے اور میری تضحیک کی جارہی ہے جبکہ میں جھوٹے پروپیگینڈا کا سامنا بھی کررہی ہوں یہ کہا گیا کہ میں نے 25 جون کو ایف بی آر کا نوٹس موصول نہیں کیا حالانکہ اسی روز میرے والد کا انتقال ہوا، جس کے بعد اس جھوٹے بہانے کو میرے گھر کے گیٹ پر نوٹس چسپاں کرنے کے لیے استعمال کیا گیا تاکہ میرے گھر کے سٹاف اور پڑوس میں موجود ہر شخص کے سامنے میری تذلیل کی جاسکے۔ میں 9 جولائی کو اپنا جواب جمع کروانے کے لیے ایف بی آر گئی، جب ایف بی آر کی عمارت کے اندر مجھے ریکارڈ کیا گیا، (تاہم) پھر یہ کہا گیا کہ چھڑی کے ساتھ تیزی سے چلتے ہوئے دیکھا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ میں دکھاوا کررہی ہوں۔ انہوں نے لکھا کہ اب میں میری ٹوٹی ہوئی ٹانگ سے میرے کولہے تک موجود میٹل پلیٹ اسکریو کا ذاتی ایکس رے رپورٹ سامنے لارہی ہوں تاکہ اس پروپیگینڈا کی نفی کی جاسکے، ساتھ ہی انہوں نے کہا مجھے ان تنفر پر مبنی ہتھکنڈوں سے بہت زیادہ تکلیف ہوئی۔ میڈیا میں یہ چیزیں بھی رپورٹ ہوئیں جو بظاہر میرے جواب کے طور پر سامنے آئیں حالانکہ میں نے یہ نہیں کہا تھا۔ میرے جواب کے مندرجات کو دبا دیا گیا جس کے باعث میرے پاس اپنے جواب جاری کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا۔ ایف بی آر کو دیے گئے 6 صفحات پر مشتمل اپنے جواب کو منسلک کر رہی ہوں، جو میرے خلاف شروع کیے گئے جھوٹے پروپیگینڈے کو روکنے کے لیے کافی ہے۔ میری ذاتی معلومات اور میرے اکاؤنٹ کی تفیصلات عوام میں شیئر نہ کی جائیں لیکن سچ کو سامنے لانے کے لیے میرے جواب کے مندرجات عوام کے سامنے رکھے جائیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ایف بی آر عمران خان سے پوچھ سکتا ہے کہ وہ مجھ سے کم ٹیکس کیوں دیتے ہیں اور اس کے باوجود 300 کنال کے محل جیسی قیمتی جائیداد رکھ کر کس طرح اس کا خرچ برداشت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا وہ اپنی جاسوسی سے تنگ آچکی ہیں ،گذشتہ ایک سال سے ان کے ساتھ کسی مجرم کی طرح سلوک کیا جارہا ہے۔ دریں اثنا ذرائع کے مطابق سرینا عیسٰی کی جانب سے لندن کی جائیدادوں کے ذرائع آمدن اور منی ٹریل کی تفصیلات جمع کرائی گئیں۔ دستاویزات کے مطابق سرینا عیسٰی نے 6لاکھ 98 ہزار پاؤنڈ بینکنگ چینل کے ذریعے جون 2003ء سے2013ء تک کراچی سے لندن بھجوائے۔ سال 2018ء میں سرینا عیسٰی کے مجموعی اثاثے 11 کروڑ 99 لاکھ 15 ہزار 126روپے تھے اور سال 2019ء میں سرینا عیسیٰ کے مجموعی اثاثے 12 کروڑ 31 لاکھ 23 ہزار 242 تھے جب کہ سرینا عیسٰی نے 2019ء میں 8 لاکھ 9 ہزار 970 روپے ٹیکس دیا۔