بلدیاتی ادارے بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اہم کر دار ادا کر سکتے ہیں:اسد قیصر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے بلدیاتی اداروں کی مضبوطی ضروری ہے، بلدیاتی ادارے عوام کو بنیادی سہولیات اور فوری اور سستے انصاف کی فراہمی میں اہم کر دار ادا کر سکتے ہیں، ملک کی آبادی کا ایک بڑا حصہ دیہی علاقوں میں رہائش پذیر ہے اس لئے ملکی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے خصوصی توجہ دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات و دیہی ترقی کامران خان بنگش سے ہونے والی اپنی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں بلدیاتی اداروں کی بحالی، وزارت بلدیات کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اختیارت کو نچلی سطح پر منتقلی کرنا وزیراعظم پاکستان عمران خان کاوژن ہے اوروزیراعظم کے وژن کے مطابق عوام کو اْن کی دیلیز پر سہولیات کی فراہمی اور اختیارت کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے بلدیاتی اداروں کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے گزشتہ دور میں خیبرپختونخوا کے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دور میں بلدیاتی اداروں نے دیہی علاقوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ سپیکر نے صوبے میں کورونا وائرس کی وباء کے روک تھام کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے اْٹھائے گئے اقدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو اس وقت کورونا وباء سمیت دیگر جن چیلنجز کا سامنا ہے اْن پر قابو پانے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتیں اہم قومی اہمیت کے معاملات پر یکساں مٔوقف رکھتی ہیں۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ صوبے میں موجود تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثہ ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ اور تاریخی مقامات کی تزئین و آرائش پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے معاون خصوصی کو صوابی ڈویلپمنٹ اتھارتی کو فعال کرنے کیلئے بھی کہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات و دیہی ترقی کامران بنگش نے اسپیکر کا شکریہ ادا کیا اور ایوان کی کارروائی کو غیر جانبداری سے چلانے پر اْن کے کردار کو سراہا۔ انہوں بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت بلدیاتی اداروں کے نظام کو مؤثر بنانے اور دیہی علاقوں کی ترقی پر خصوصی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی بجٹ میں دیہی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا جلد از جلد انعقاد صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاہم کورونا وباء کی وجہ سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات نہیں منعقد کرائے جا سکے۔ معاون خصوصی نے سپیکر کو صوبائی حکومت پشاور شہر کی خوبصورتی اور تاریخی مقامات کی تزئین و آرائش کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہ پشاور شہر کی خوبصورتی اور پشاور کے شہریوں کو ایک صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے پارکس اور کھیلوں کے میدان بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور پشاور شہر میں جرائم پر قابو پانے کیلئے حیات آباد سیف سٹی پراجیکٹ پرتیزی سے کام جاری ہے۔