جماعت اسلامی‘ تحریک صوبہ بہاولپور نے سیکرٹریٹ کو مسترد کر دیا
بہاولپور (نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی اور تحریک صوبہ بہاول پور، جے آئی کسان نے سیکرٹریٹ کو مسترد کرتے ہوئے بہاولپور صوبہ بحالی کی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ نائب امیر صوبہ جماعت اسلامی جنو بی پنجاب سید ذیشان اختر، چیئر مین تحریک صوبہ بہاول پور و جے آئی کسان جام حضور بخشو دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا جماعت اسلامی کا منشور ہے۔ بہاولپور کو موٹر وے سے الگ کر دیا اور سپیڈو بس سروس کو ڈیرہ غازی خان لے گئے ہم ملتان کی مخالفت نہیں کر تے مگر اپنے حقوق سے کبھی دستبردار نہیں ہو سکتے۔ جماعت اسلامی کل اے پی سی کانفرنس بلائے گی جس میں صوبہ بہاولپور کے حوالے سے اپنا ایجنڈا پیش کیا جائے گا اور عید الاضحی کے بعد بہاول پور صوبہ بحالی کے لیے زوردار تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔