ایل ڈی اے محکمانہ پروموشن کمیٹی نے 46اہلکاروں کو ترقی دے دی
لاہور( خصوصی نامہ نگار) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئر مین ایس ایم عمران کے ویژن کے تحت ترقی کی شرائط پورا کرنے والے اہل ملازمین کو بلاتاخیر ترقی دینے کے لئے ایل ڈی اے کی محکمانہ پروموشن کمیٹی کے اجلاس میں ایل ڈی اے کے46اہلکاروں کو ترقی دے دی گئی۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے کہا کہ ترقی پانے والے محنت اور جانفشانی سے کام کریں۔اب ان پرپہلے سے زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد نواز گوندل کی زیر صدارت منعقدہ اجلا س میں سٹینوگرافر (گریڈ15)میں کام کرنے والے 10اہلکاروں کوبطور سینئر سکیل سٹینوگرافر(گریڈ16)میں ترقی دی گئی ہے ۔گریڈ 14میں کام کرنے والے27سنیئر کلرکوں کو اسسٹنٹ (گریڈ16)میں ترقی دی گئی ہے ۔ گریڈ 14میں کام کرنے والے پانچ سب انجینئر وں کو گریڈ 16میں ترقی دے دی ہے ۔ انفورسمنٹ انسپکٹر (گریڈ 6) میں کام کرنے والے چھ اہلکاروں کو بطور سینئر انفورسمنٹ انسپکٹر (گریڈ 9) میں ترقی دی گئی ہیں۔