ایم کیو ایم کا گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں بھرپور شرکت کا اعلان
گلگت(نامہ نگار)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رھنما و وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے ممبر قومی اسمبلی اسامہ قادری ودیگر کے ہمراہ گلگت پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں بھرپور شرکت کا اعلان کرتے ہوئے ایم کیوایم کا انتخابی منشور پیش کیا اور کہاکہ انتخابی مہم کا اغاز لالک جان شہید نشان حیدر کے مزار پر حاضری کے بعد ریلی نکال کر کیا جائے گا۔امین الحق نے کہاکہ 22اگست2016ئ کے بعد ایک نئی ایم کیوایم وجود میں آئی ہے جوعدم تشدد،امن وامان اور بھائی چارے کے قیام اور جمہوریت پریقین رکھتی ہے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کی پارٹی پتنگ کے نشان کے ساتھ الیکشن لڑے گی۔امین الحق نے پارٹی منشور پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے،اختیارات کے نچلی سطح تک منتقلی،پرائمری تک لازمی اور مفت تعلیم اور میڈیکل و انجینئرنگ یونیورسٹی کے قیام کے لئے جدوجہد کے ساتھ صحت اور انرجی سیکٹر میں ترقی،سی پیک کے منصوبوں اور فنڈز میں جی بی کو حصہ دلانے کے لئے کام کرے گی۔انہوں نے سیاحت کے فروغ کے لئے گلگت ائیرپورٹ کی توسیع کے لئے بھی زور دیا۔امین الحق نے ایک سوال کے جواب میں گلگت ائیرپورٹ کے متاثرین ائیرپورٹ 1948ئ کو معاضے کی ادائیگی کے لئے قومی اسمبلی اور سینٹ میں آواز بلند کرنے کا بھی اعلان کیا۔اور کہاکہ گلگت بلتستان کے لئے نجی ائیرلائنز کی سروس کے لئے بھی آواز اٹھائی جائے گی۔ انہوں نے ملک میں دھشتگردوں کی کمر توڑنے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نیک نیتی کے ساتھ گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہے اس لئے جی بی کے عوام آمدہ انتخابات میں بھرپور طریقے سے ایم کیو ایم کے نامزد امیدواروں کو ووٹ جن کامیاب بنائیں۔