• news

ملک دشمن انتشار پھیلانا چاہتے ہیں: منور حسین جماعتی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک میں فرقہ وارانہ تشدد اور انتہاپسندی کو پھیلانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں‘ دشمن قوتیں وطن عزیز میں انتشار پھیلانا چاہتی ہیں‘ پوری قوم کو متحد ہو کر ایسے انتہاپسند عناصر کیخلاف سامنے آنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین و جانشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے داتا دربار مسجد میں خطبہ جمعہ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قادیانیوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں قابل تشویش ہیں‘ عقیدۂ ختم نبوت کا تحفظ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شفاعت اور قرب حاصل کرنے کا ذریعہ ہے‘ امت مسلمہ نے کسی بھی دور میں نبوت کے جھوٹے مدعی کو کامیاب نہیں ہونے دیا، ان شاء اللہ ہم مرزا مردود کے ماننے والوں کو ہر محاذ پر شکست دیں گے۔ قادیانی دنیا بھر میں اپنے آقائوں کی پشت پناہی سے پاکستان کے امیج کو خراب کرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں‘ قادیانی ملک عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے کوئی موقع اپنے ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ لہٰذا ان کی چالبازیوں اور مکر و فریب سے بچنا ہی تمام مسلمانوں کیلئے ضروری ہے۔ ملک میں فرقہ واریت کو پھیلانے کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے حکومت کو سخت اقدامات اٹھانا ہونگے، وطن عزیز میں انبیاء کرام‘ اہل بیت و صحابہ کرام اور مقدس ہستیوں کے حوالے سے قوانین موجود ہیں جن پر عملدرآمد کرانا بہت ضروری ہے، آج ایک مخصوص طبقہ ان مقدس ہستیوں کی شان و عظمت میں گستاخی کا مرتکب ہو رہا ہے جس کی وجہ سے تمام امن پسند مسلمانوں کے دلوں کو شدید تکلیف پہنچ رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر جاری مظالم کے حوالے سے پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ مودی سرکار اپنی بیہودہ اور مکروہ حرکتوں سے باز نہیں آ رہی‘ مقبوضہ کشمیر میں زیرحراست بیگناہ افراد کی ہلاکتوں کی عالمی سطح پر تحقیقات ہونی چاہئے‘ مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمان اقلیت کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں پیر سید عرفان مشہدی نے فضائل اہل بیت بیان کئے۔ انہوں نے کہا کہ اس نیلے آسمان کے نیچے اور زمین کے اس سینے پر محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سب سے عزیزترین اگر کوئی شخصیت تھی تو وہ سیدۂ کائنات سلام اللہ علیہا ہی تھیں‘ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس جگر گوشہ کو جنت میں عورتوں کی سردار قرار دیا۔

ای پیپر-دی نیشن