شہباز شریف میری پارٹی کے آدمی‘ جو کہوں گا کرینگے: شیخ رشید
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف میری پارٹی کے بندے ہیں وہ جیسا کہیں گے ویسا ہی کرینگے۔ آئندہ انتخابات سے قبل ایسا جھاڑو پھیریں گے کرپشن کا مکمل طورپر خاتمہ ہوجائیگا۔ ایم ایل ون عمران خان کی حکومت میں بنے گی اور عمران خان پانچ سال پورے کرینگے۔ ریلوے حادثات ایم ایل ون مکمل ہونے کے بعد ختم ہوجائیں گے۔ کرونا وائرس سے میں موت کے منہ کو ہاتھ لگا کے آیا ہوں۔ چودہ وزارتیں کی ہیں مگر جو ملکی ہسپتالوں کی صورتحال ہے ایسی کبھی نہیں دیکھی۔ جنرل افضل نے انجکشن اور پلازمے کا بندوست کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ جولائی اہم مہینہ ہے۔ نیب کو ٹارزن کے اختیارات ملے ہیں۔ نیب تمام گندے سیاسی نمائندوں کو ختم کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کا فیصلہ پانامہ سے زیادہ بڑا فیصلہ ہے۔ ایم ایل ون پاکستان کی سیاسی، معاشی اور دفاعی لحاظ سے ریڑھ کی ہڈی کے برابر ہے۔ ریلوے کا تمام نیا ڈھانچہ بننے جا رہا ہے۔ اتنی نوکریاں آرہی ہیں کہ ریٹائرڈ ملازمین بھی دوبارہ آسکتے ہیں۔ مزدوروں کے بچوں کو بھی نوکریاں ملیں گی۔ عمران خان پانچ سال پور ے کرینگے اور اپوزیشن صرف ٹاک شو ہی کرتی رہے گی۔ ٹی وی چینل ختم ہو جائینگے اور صرف انٹرٹیمنٹ شروع ہو جائیگی۔ ایم ایل ون کے لئے پیسے چین نے دینے ہیں۔ ہم ڈیڑھ لاکھ نوکریاں دینے جارہے ہیں۔ پنڈی میں یونیورسٹیاں بنائی ہیں اور بدمعاشوں کو نکیل ڈالی ہے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف میری پارٹی کا بندہ ہے جیسا کہیں گے ویسا ہی کرینگے۔