پاکستان کو ٹیکنالوجی سپر پاور بنانا اصل منزل ،سینی ٹائزر اور ماسک ایکسپورٹ کر رہے ہیں: فواد چودھری
اسلا م آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان سینیٹائزر اور ماسک ایکسپورٹ کررہا ہے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں سینیٹائزر سے ماسک تک یا تو مل ہی نہیں رہے ہوتے یا بلیک ہو رہے ہوتے، اب ضرورت بھی پوری ہو رہی ہے اور کروڑوں کی ایکسپورٹ بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق میڈ اِن پاکستان کے منصوبوں کو وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اپنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے مرحلے میں فیصل آباد میں دو سو ایکڑ پر ہیلتھ سٹی جبکہ لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں سائنس و ٹیکنالوجی سپیشل اکنامک زون بنانے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان زونز میں ٹیکنالوجی، انڈسٹری اور بزنس کو خصوصی مراعات حاصل ہوں گی، 10 سال میں پاکستان کو ٹیکنالوجی سپر پاور بنانا اصل منزل ہے۔