• news

جعلی لائسنس والے پائلٹس نے ریکارڈ میں ردوبدل‘ امتحان نہیں دیا: سی اے اے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پائلٹس کے مبینہ جعلی لائسنسوں کے معاملہ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی اور نجی ایئر لائن نے رپورٹس سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ (پی آئی اے) کے پاس کل 450 پائلٹس ہیں۔ پی آئی اے سمیت دیگر نجی ایئر لائنز کے کل 1934 پائلٹس کو لائسنس جاری کیے گئے۔ 16 مشتبہ ڈگری والے پائلٹس میں سے 8 کو معطل کیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بورڈ آف انکوائری نے 262 پائلٹس کے مشتبہ لائسنس کی نشاندہی کی۔ جعلی لائسنس والے پائلٹس نے ریکارڈ میں ردو بدل سمیت امتحان میں حصہ نہیں لیا تھا۔ 54 جعلی لائسنس والے پائلٹس کا لائسنس معطل کر کے دوبارہ تصدیق کی جارہی ہے۔ سول ایوی ایشن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کے 141نجی ایئر لائن سیرین کے 10 اور نجی ایئر لائن ایئر بلیو کے 9 پائلٹس گرائونڈ کیے گئے ہیں۔ پی آئی اے، ایئر بلیو اور سیرین کے علاوہ 102 دیگر پائلٹس گرائونڈ کیے گئے ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کے 6 اور شاہین ایئر لائن کے 2 پائلٹس کی ڈگریاں جعلی نکلیں۔ چند پائلٹس نے ایف اے اور او لیول کی جعلی ڈگری جمع کرا رکھی تھیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معطل کیے 54 میں سے 28 پائلٹس کا لائسنس منسوخ کرنے کی سمری وفاقی حکومت کو بھیج دی گئی ہے۔ جبکہ 208 مشتبہ لائسنس رکھنے والے پائلٹس میں سے 34 کو معطلی کے احکامات بھی جاری ہوچکے ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مستقبل میں جعلی لائسنس سے بچنے اور بائیو میٹرک تصدیق کیلئے نادرا کو درخواست بھیج دی گئی ہے۔ امتحان لینے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ کمرشل اور ایئر ٹرانسپورٹ لائسنس کیلئے ہائیرسکینڈری، ایف اے اور ایف ایس کے برابر تعلیم لازمی قرار دی گئی ہے۔ کمرشل پائلٹ لائسنس کیلئے 200 گھنٹے جہاز اڑانے کا تجربہ اور 3 گھنٹے فلائٹ ٹیسٹ لیا جائے گا۔ جبکہ ایئر ٹرانسپورٹ لائسنس کیلئے 1500 گھنٹے جہاز اڑانے اور 4 گھنٹے فلائٹ ٹیسٹ لینا لازمی ہوگا، پائلٹس کو لائسنس لینے کیلئے 8 مخلتف پیپرز دینا ہونگے۔ نجی ایئر لائن ایئر بلیو کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشتبہ لائسنس یافتہ 9 میں سے 7 پائلٹس کمپنی کو 2014ء اور 2015 میں چھوڑ گئے تھے، 2018ء اور 2019ء میں ایئر بلیو کے 100 پائلٹس میں 98 کے لائسنس درست نکلے۔ جعلی لائسنس والے محمد عبد اللہ اصغر اور جاوید ملک کو 2019ء میں برطرف کردیا گیا، ائیر بلیو کے موجودہ 85 پائلٹس کے لائنس درست ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن