الیکشن ملتوی ہوئے‘ نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا: چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان
اسلام آباد (محمد رضوان‘ ملک نیوزرپورٹر) تیاری نہ ہونے کے باعث گلگت بلتستان میں 18 اگست کو ہونے والے انتخابات غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے پر ردعمل میں چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز نے ’نوائے وقت ‘سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیف کورٹ کے حکم پر انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کئی ایک سیاسی جماعتیں اس موقف کے ساتھ چیف کورٹ گئی ہوئی تھیں کہ استور، دیامر، چلاس، غدر اور دیگر علاقوں کے لوگ اپنے مویشیوں کے ساتھ پہاڑوں پر گئے ہوئے ہیں اور اٹھارہ اگست تک ان کی واپسی کا کوئی امکان نہیں ہےó انتخابات کو ملتوی کیا جائے۔ کروناکے باعث دفاتر اور سکول کالجز بھی بند ہیں جو الیکشن کے التواء کی وجہ بنے ہیںó انہوں نے کہا الیکشن معطل ہوئے ہیں اور تاحال کسی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں جمعرات کو گلگت میں جی بی الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام اے پی سی ہوئی جس میں تمام سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔ اے پی سی میں سوائے چند چھوٹی جماعتوں کے تمام پارٹی سربراہان نے جی بی الیکشن مقررہ تاریخ 18 اگست کو کروانے پر اصرار کیا تھا لیکن ان کی نہ سنی گئی۔