جماعت اسلامی کا کے الیکٹرک کیخلاف دھرنا، آج سے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم ہو جائیگی: اسد عمر
کراچی ( نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اسد عمر نے کراچی میں آج سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کے الیکٹرک کیلئے فرنس آئل اور گیس کی سپلائی بڑھا دی، بجلی بحران میں غلطی کس کی تھی، نیپرا فیصلہ کرے گا۔ اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بجلی کی فراہمی میں ہر سال بتدریج اضافہ کیا جائے گا، کراچی میں آئندہ سال 18 فیصد بجلی کا اضافہ کیا جائے گا، نیپرا کراچی میں لوڈشیڈنگ پر 4، 3 دن میں رپورٹ جاری کر دے گا، نیپرا کراچی لوڈشیڈنگ سے متعلق فیصلہ کرے، حکومت عملدرآمد کیلئے تیار ہے۔ اسد عمر نے مزید کہا 2021 کی گرمیوں سے پہلے 550 میگاواٹ اضافی بجلی کراچی کے پاس ہوگی، 2 سال بعد کراچی کو بجلی کی اضافی فراہمی 1350 میگاواٹ ہو جائے گی۔ اجلاس کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وفاقی وزیر اسد عمر کے ہمراہ کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کے باہر پی ٹی آئی کے احتجاجی کیمپ میں شرکت کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں اور حکومتی کوشش سے آج سے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن کی جانب سے کے الیکٹرک کو گیس سپلائی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی بڑھا کر 290 ملین کیوبک فٹ کی جا رہی ہے دریں اثناء جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی کی شاہراہ فیصل پر شہر میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کے خلاف دھرنا دیا امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے شہریوں سے دھرنے میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ دھرنے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش نہ کرے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پورے شہر میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ہے اور کراچی کے شہریوں کو بجلی کے اضافی بل بھیجے جا رہے ہیں کے الیکٹرک کا سسٹم خراب ہونے کی وجہ سے بارشوں میں ہلاکتیں ہو رہی ہے۔ اسد عمر نے کے الیکڑک کی انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس کا رویہ درست نہ ہوا تو وفاق کے الیکٹرک کو اپنی تحویل میں لے سکتا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر گورنر ہاؤس میں اجلاس ہوا جس کی صدارت گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر اسد عمر نے کی۔ اس بار گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ اس شارٹ فال پر ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہونی چاہئے لیکن شہر میں 6 سے 7 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے اس کے علاوہ تعاون کے باوجود کے الیکٹرک شہر سے غیر اعلامیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور اپنی ذمے داری نبھانے میں ناکام رہا۔ کے الیٹرک کا رویہ ٹھیک نہ ہوا اسے تحویل میں لے سکتے ہیں۔