صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے لاہور اور بہاولپور چیمبر کا ملکر کام کرنے کافیصلہ
لاہور (کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بہاولپور چیمبر نے صنعت و تجارت کی ترقی اور تاجر برادری کے لئے مل کر کام کا فیصلہ اور ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ اور اور بہاولپور چیمبر کے صدر جاوید اقبال چودھری نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جبکہ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد، بہاولپور چیمبر کے سینئر نائب صدر احمد بلال، سیکریٹری جنرل عبیر حیدر اور لاہور چیمبر کے سیکریٹری جنرل شاہد خلیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دونوں چیمبرزکے عہدیداروں نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ دونوں چیمبر مل کر باہمی دلچسپی والے مسائل پر مشترکہ حکمت عملی تشکیل دیں گے،تجارت سے متعلق تمام معلومات ، اشیاء کی مسابقت میں اضافے اور کاروباری لاگت میں کمی جیسی تمام معلومات کا تبادلہ کریںگے اور ملک کی معاشی ترقی کے لئے تجاویز تیار کرنے میں ایک دوسرے سے تعاون کو فروغ دیں گے۔