• news

کشمیریوں کی قربانیاں ناقابل فراموش، بھارت شکست نہیں دے سکتا: شہباز شریف

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے یوم شہدائے کشمیر پر شہداء جموں وکشمیر کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انگریز سامراج کی سرپرستی میں ڈوگرا فوج کے خلاف سری نگر سینٹرل جیل کے باہر جام شہادت نوش کرنے والوں کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے درج ہے۔ آج کے دن کشمیریوں نے ثابت کیا کہ قرآن کریم اور اسلام کی عزت وحرمت انہیں اپنی جان سے پیاری ہے۔ 22 مسلمانوں کا جان قربان کر کے اذان مکمل کرنا واضح پیغام ہے کہ انہیں شکست نہیں دی جاسکتی، نہ جھکایا جاسکتا ہے۔ شہداء کشمیر کی پکار بھارت سے آزادی کی تحریک کی صورت میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں آج بھی پوری قوت سے گونج رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت غلط فہمی میں نہ رہے، مقبوضہ جموں وکشمیر مسلم اکثریت خطہ ہے اور انشاء اللہ ہمیشہ رہے گا۔ بھارت کے ظلم وجبر اور استبداد میں 5 اگست 2019 سے ایک نئی شدت آئی ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ میاں شہباز شریف نے کہا کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے کشمیری سوال پوچھ رہے ہیں کہ انہیں انصاف کب ملے گا؟۔

ای پیپر-دی نیشن