• news

کرونا: 2 ڈاکٹروں سمیت 75 جاں بحق، مریض اڑھائی لاکھ: طارق چیمہ، ایشوریا رائے اور بیٹی بھی پازیٹو

اسلام آباد ، لاہور، بیجنگ (وقائع نگار خصوصی+خصوصی نمائندہ ‘نوائے وقت رپورٹ+ شنہوا) پاکستان دنیا کا 12 واں بڑا کرونا وائرس سے متاثر ملک بن چکا ہے۔ مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 50 ہزار 569 ہوچکی ہے جبکہ 5 ہزار 245 افراد لقمہ اجل بھی بنے ہیں۔ وائرس کے 2434 نئے کیسز اور 75 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 3 ہزار 566 افراد شفایاب ہوگئے۔ سندھ میں کرونا وائرس نے مزید 1713 افراد کو متاثر کیا اور 48 افراد کی جان لے لی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 713 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور یوں مجموعی تعدادا ایک لاکھ 5 ہزار 533 تک پہنچ گئی۔انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 48 اموات بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد 1795 تک جاپہنچی۔ صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز کی یومیہ تعداد میں کمی دیکھی گئی۔ سرکاری اعداد و شمار بتانے والے پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 565 نئے کیسز کے اضافے کے بعد مجموعی تعداد 86 ہزار 556 ہوگئی۔اس کے علاوہ 21 اموات کا بھی اضافہ ہوا اور یہ تعداد 2006 تک پہنچ گئیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے مزید 96 مریض اور 5 اموات رپورٹ ہوئیں۔ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی تعداد میں 96 کے اضافے سے مجموعی کیسز 14 ہزار 23 ہوگئے۔ مزید برآں 5 افراد کے انتقال سے دارالحکومت میں اب تک کی اموات کی تعداد 152 تک جاپہنچی۔گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں مزید 28 افراد کا اضافہ ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 28 افراد ایسے تھے جس میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور اس طرح مجموعی تعداد ایک ہزار 658 تک پہنچ گئی۔ آزاد کشمیر ہے اور وہاں کیسز کی مجموعی تعداد ایک ہزار 564 تک پہنچ چکی ہے۔ مزید 32 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ ایک موت ہوئی جس سے اموات 43 تک جاپہنچیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 3 ہزار 566 افراد اس وائرس سے مکمل صحتیاب ہوگئے۔ اس طرح ملک میں اب تک کرونا وائرس سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار 700 ہوگئی۔ مسلم لیگ (ق) کے رہنما و وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس طارق بشیر چیمہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ طارق بشیر چیمہ میں مہلک وائرس کی تصدیق کے بعد اسلام آباد کے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرعلاج ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس گزشتہ رات سے اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے آئسولیشن وارڈ میں داخل ہیں۔ حکام آئسولیشن وارڈ کے مطابق طارق بشیر چیمہ کی حالت تسلی بخش ہے۔ بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن‘ بیٹے ابھیشیک بچن‘ بہو ایشوریا رائے سمیت ان کی بیٹی آرادھیا بچن بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے تاہم جیا بچن کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ امیتابھ بچن نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میرا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور مجھے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے اہلخانہ اور دیگر سٹاف کا بھی ٹیسٹ کیا جا چکا ہے اور اب ان لوگوں کی ٹیسٹ رپورٹ کا انتظار ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے سامنے جب سمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز پیش کی گئی تو اس کی پرزور مخالف سامنے آئی تاہم جب ملک میں کرونا مریضوں کی تعداد میں کمی آنا شروع ہوگئی تو کئی ترقی یافتہ ممالک نے بھی اس حکمت عملی کی تائید کردی۔ جرمنی، اٹلی اور پرتگال اب کرونا کے نئے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لوکل شٹ ڈاؤن پر غور کر رہے ہیں۔ پاکستان کیلئے سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ آسان نہیں تھا تاہم وزیراعظم نے مختلف حلقوں کی طرف سے تنقید کے باوجود اس فیصلے کو اختیار کیا۔ مصدقہ کیسز میں نمایاں کمی آگئی ہے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ابھی کرونا مکمل کنٹرول میں نہیں ہے‘ ہم نے کوششوں سے اس وباء کو کسی حد تک کنٹرول کیا اور جو ہم چاہ رہے تھے‘ اس طرح کی کامیابی کچھ حد تک ملی ہے لیکن جب تک ویکسین نہیں آتی مکمل قابو پانا مشکل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بیچ میں مسائل آے تھے جس میں لوگوں کو ہسپتالوں میں جگہ نہیں ملی۔ اس وقت سندھ میں کرونا ٹیسٹنگ دیگر صوبوں کے مقابلے میں ڈبل ہے لیکن سندھ میں ابھی جو ٹیسٹنگ ہو رہی ہے اس سے مطمئن نہیں ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ ہم وقت سے پہلے اپنی فتح کا اعلان کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ کافی عرصے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی میٹنگ نہیں ہوئی۔ ہمارے پاس 11268 بیڈز موجود ہیں ہم نے اپنی پوری تیاری کی ہے مگر اب تک مطمئن نہیں ہیں‘ لوگ ٹیسٹ کروائیں گے اور ہم پر پریشر آئے گا تو ہم اپنی صلاحیت بڑھائیں گے۔ شاید مریض کو معلوم ہی نا ہوں کہ اسے کرونا ہے‘ مگر وہ پھیلا رہا ہو گا۔ حیدرآباد میں کرونا وائرس میں مبتلا لیڈی ڈاکٹر بچی کو جنم دینے کے 4 گھنٹے بعد انتقال کرگئیں۔ محکمہ صحت کے مطابق ڈاکٹر ارم ظہیر کی کرونا وائرس کی رپورٹ مثبت تھی، زچگی سے قبل لیاقت یونیورسٹی کی ایک لیڈی ڈاکٹر نے کرونا کیس مثبت ہونے کے باعث زچگی کا کیس لینے سے انکار کردیا تھا۔ بعدازاں حاملہ لیڈی ڈاکٹر ارم ظہیر کو لطیف آباد ہلال احمر اسپتال لایا گیا جہاں آپریشن کے بعد لیڈی ڈاکٹر نے بچی کو جنم دیا تاہم زچگی کے بعد لیڈی ڈاکٹر ارم کو سانس لینے میں دشواری ہوئی اور وہ 4 گھنٹے بعد آکسیجن ملنے کے باوجود انتقال کرگئی۔ محکمہ صحت کی جانب سے خاتون کی ایس او پیز کے تحت تدفین کردی گئی۔دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 28 لاکھ 47 ہزار 288 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 67 ہزار 734 ہو گئیں۔کرونا وائرس کے دنیا بھر میں 47 لاکھ 96 ہزار 308 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 58 ہزار 794 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 74 لاکھ 83 ہزار 246 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا تاحال کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کرونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکا میں کرونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 37 ہزار 403 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 33 لاکھ 55 ہزار 646 ہو چکی ہے۔کرونا وائرس کے امریکا میں 17 لاکھ 27 ہزار 797 مریض سپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 15 ہزار 819 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 14 لاکھ 90 ہزار 446 کرونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں کرونا کے مریضوں کی تعداد 18 لاکھ 40 ہزار 812 تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 71 ہزار 492 زندگیاں نگل چکا ہے۔بھارت کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافیکے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے، جہاں کرونا سے 22 ہزار 687 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 50 ہزار 358 ہو گئی۔کرونا وائرس سے روس میں کل اموات 11 ہزار 205 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 20 ہزار 547 ہو چکی ہے۔برطانیہ میں اموات کی تعداد 44 ہزار 798 ہوگئی جبکہ کرونا کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 88 ہزار 953 ہو چکی ہے۔ایران میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 12 ہزار 635 ہو گئی جبکہ کل کیسز 2 لاکھ 55 ہزار 117 ہو گئے۔ سعودی عرب میں کل اموات 2 ہزار 181 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں اس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 29 ہزار 480 تک جا پہنچی ہے۔چین جہاں دنیا میں کرونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا وہاں وائرس پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے اور روزانہ صرف چند نئے کرونا مریض سامنے آتے ہیں جبکہ اس سے اموات میں کافی عرصے سے کوئی اضافہ سامنے نہیں آیا ہے۔چین میں کرونا مریضوں کی تعداد 83 ہزار 594 ہو چکی ہے اور اس سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 ہزار 634 پر رکی ہوئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کرونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں، ملک کے مختلف حصوں میں 393 کرونا مریض وینٹی لیٹر پر ہیں ، کرونا مریضوں کے لیے 1820 وینٹی لیٹرز مختص کیے گئے ہیں، آزاد کشمیر سمیت 3 صوبوں میں کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے، سول ہسپتال عمر کوٹ کے ڈاکٹر عبدالرزاق کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔ ڈی ایچ او کے مطابق ڈاکٹر عبدالرزاق کا 12 روز قبل کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ ڈاکٹر عبدالرزاق گھر میں قرنطینہ میں تھے۔

ای پیپر-دی نیشن