• news

وزیراعظم‘ سپیکر کیخلاف عدم اعتماد آسکتی ہے‘ فیصلہ اپوزیشن سے ملکر کریں گے: نفیسہ شاہ

کراچی (این این آئی) پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سمیت سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی جاسکتی ہے، تاہم اس کا فیصلہ اپوزیشن کی جماعتیں ملکر کریں گی۔ ہم ماضی میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے تھے۔ وہ اتوار کو کراچی پریس کلب میں پیپلزپارٹی پنجاب اسمبلی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، پنجاب اسمبلی کی رکن شازیہ عابد ودیگر بھی موجود تھے۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک لانا ہمارا آئینی وجمہوری حق ہے۔ عارف علوی پہلے صدر مملکت ہیں جنہوں نے ایوان صدرکو سازشوں کے لئے استعمال کیا ہے۔ ملک میں تحریک انصاف کی صورت میں ہتھوڑا مار گروپ ہے۔ پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہونے والی ہے۔ آئندہ وزیراعلی پنجاب پیپلزپارٹی سے بھی ہوسکتا ہے۔ پنجاب میں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور ق لیگ کے درمیان وزیراعلی کی تبدیلی کے حوالے سے فی الحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ ملک میں گندم کا بہت بڑا بحران کھڑا ہونے والا ہے ۔ عاجز دھامرہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے وزراء نفسیاتی مریض ہیں، سندھ میں ان کا اعلاج کرانے کے لئے تیار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن