• news

اپوزیشن کی متوقع اے پی سی، سیاسی صورتحال پر غور، سمارٹ لاک ڈائون کے نتائج مثبت: عمران

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اہم قومی امور پر ترجمانوں کو اعتماد میں لیا۔ ترجمانوں کے اجلاس میں اپوزیشن کی متوقع اے پی سی بھی زیر غور آئی۔ کرونا پر حکومتی حکمت عملی بھی اجلاس میں زیر بحث آئی۔ وزیرعظم عمران خان نے کہا کہ عید الاضحیٰ پر عوام کو احتیاط کرنا ہوگی۔ سمارٹ لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج آ رہے ہیں۔ حکومتی کامیاب حکمت عملی کی دنیا بھی معترف ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم رواں ہفتے دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کا دورہ کریں گے۔ وزرائ‘ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ بھی ساتھ ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان17 جولائی کو راولپنڈی کے علاقے کہوٹہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ شجرکاری مہم کا افتتاح اور منعقدہ تقریب سے خطاب کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے ملک بھر میں شجرکاری مہم میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دورہ کہوٹہ کے باعث لاہور شجرکاری مہم کے شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کی۔ ڈاکٹر ثاینہ نشتر نے احساس کے نئے پروگرام احساس نشوونما کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان آئندہ چند ہفتوں میں احساس نشوونما پروگرام کا آغاز کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو احساس کیش پروگرام کے دائرہ کار میں توسیع کے حوالے سے بھی ہدایات دیں۔

ای پیپر-دی نیشن