کرونا‘ پروازوں کی بندش: پی آئی اے کو 100ارب سے زائد نقصان کا خدشہ
کراچی (صباح نیوز)کروناوائرس اور مختلف ممالک میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پروازوں کی بندش کے باعث رواں مالی سال کے دوران قومی ایئر لائن کو 100ارب روپے سے زائد کے نقصان کا خدشہ ہے۔ پی آئی اے کی جانب سے ریونیو کا ہدف 196ارب روپے رکھا گیا تھا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی اے کے پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کے معاملہ برطانیہ، یورپین یونین ، امریکہ اور دیگر ممالک کی جانب سے پی آئی اے کے آپریشن کی بندش سے قومی ایئر لائن کو 100ارب روپے سے زائد کے نقصان کا اندیشہ ہے۔ امریکہ کی جانب سے پی آئی اے کی پانچ پروازوں کی بندش سے 28کروڑ روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ 12خصوصی پروازوں کی اجازت ملی تھی تاہم ان کے منسوخ ہونے سے بھی کروڑوں روپے کا نقصان ہواہے۔ جبکہ یورپین یونین کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی سے 33ارب روپے سے زائد کے نقصان کا اندازہ ہے۔جبکہ کروناوائرس کے باعث حج اور عمرہ کی غرض سے سعودی عرب جانے والی پروازوں کی منسوخی سے 12ارب روپے سے زائد کا اندازہ لگایا گیا ہے۔پی آئی اے کے مجموعی ریونیو کا 37فیصد حج یا عمرہ کے زریعہ حاصل ہوتا ہے۔